تلسنکرات کے باعث قومی شاہراؤں پر ٹریفک جام

,

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں تلسنکرات کے باعث عوام کی کثیر تعداد اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہورہی ہے ۔ شہر میں جہاں ایک طرف ٹریفک کم ہوگئی ہے وہیں شہر کے باہر قومی شاہراؤں پر ٹریفک میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ قومی شاہراہ حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ پر آج ٹریفک جام رہی ۔ حیدرآباد کی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام کا منظر دکھائی دیا ۔ قومی شاہراہ پر ایک کیلو میٹر طویل ٹریفک جام رہا ۔ شہر سے وجئے واڑہ پہونچنے کے لیے مسافروں کو پانچ گھنٹوں کے بجائے تقریبا 10 گھنٹے درکار ہوتے ہیں ۔ ٹول پلازہ پر بھی موٹر گاڑیوں کی طویل قطار دکھائی دی ۔ جہاں جمعہ کی نصف شب سے ہی موٹر گاڑیوں کی کثیر تعداد گذرتے دکھائی دی ۔ ہفتہ کی صبح کہر اور ٹریفک کی وجہ سے قومی شاہراؤں پر گاڑیوں کی طویل قطار رہی ۔ کوتور تا نندی گاما پر 3 حادثات بھی رونما ہوئے جس میں 2 افراد زخمی اور 14 گاڑیوں کو نقصان پہونچا ۔ سڑک حادثات میں چار کاریں ، دو بسوں ، دو لاریوں اور دو آٹو ٹرالی کو نقصان پہونچا ۔ نندی گاما سب انسپکٹر بی نرسمہا ریڈی نے کہا کہ کہر کی وجہ سے موٹر گاڑیوں میں تصادم ہورہا ہے ۔ حادثہ کے بعد وہاں سے موٹر گاڑیوں کو ہٹانے کے لیے پولیس نے کرین کا استعمال کیا ہے ۔۔