شفافیت کو یقینی بنانے مائیکرو چپ لگائی جائے گی ۔ دوکانات کی تعداد میں اضافہ پر غور ۔ کونسل میں اتم کمار ریڈی کا جواب
حیدرآباد 16ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا تلسنکرانت کے بعد آغاز کیا جائیگا۔ وزیر سیول سپلائز و آبپاشی کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران یہ بات کہی ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے رکن کونسل پروفیسر کودنڈا رام ریڈی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔پروفیسر کودنڈا رام نے استفسار کیا تھا کہ پرجا پالنا پروگرام میں حکومت کو نئے راشن کارڈس کیلئے کتنی درخواستیں وصول ہوئی تھیں اس کی تفصیلات پیش کی جائیں اور نئے راشن کارڈس کی اجرائی کب عمل میں لائی جائے گی ایوان کو واقف کروایا جائے ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے جواب میں کہا کہ حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا اس کے مطابق تلسنکرانت کے بعد نئے راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے نئے راشن کارڈس کیلئے درخواستوں کی وصولی اور اجرائی کا جائزہ لینے کیلئے کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے اور آئندہ کابینہ اجلاس میں کمیٹی سفارشات کو منظوری دی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق نئے راشن کارڈ س میں مائیکرو چپ ہوگی تاکہ راشن کی فراہمی میں شفافیت برقرار رکھی جاسکے ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت 956 کروڑ کی لاگت سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں لائیگی اور 36لاکھ نئے راشن کارڈ س کی اجرائی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ذریعہ فی کس 6کیلو باریک چاول کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ حکومت عوامی سربراہی نظام کو بہتر بنانے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے دیگر ارکان کونسل کی جانب سے اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ارزاں فروشی کی دکانات میں اضافہ کے سوال پر کہا کہ محکمہ سیول سپلائز سے نئے راشن شاپس کی تخصیص کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوامی نظام تقسیم کے عمل کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے تلنگانہ میں پرجا پالنا پروگرام میں موصولہ درخواستوں کے متعلق دریافت کیا اور استفسار کیا کہ تلنگانہ میں کتنے راشن کارڈس نئے جاری کئے گئے ہیں اور کتنے کارڈس کو منسوخ کیاگیا ۔ وزیر سیول سپلائز نے متحدہ آندھرپردیش میں راشن کارڈس کی تعداد اور استفادہ کنندگان کے علاوہ تشکیل تلنگانہ کے بعد راشن کارڈس کی تعداد اوراستفادہ کنندگان و راشن کارڈ میں ناموں کے اضافہ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔3