تلنگانہ۔مہاراشٹراسرحد پر سڑک حادثہ۔تین افرادہلاک

   

حیدرآباد 4ستمبر(یواین آئی) درشن سے واپسی کے دوران تلنگانہ اورمہاراشٹراکی سرحد پر سڑک حادثہ میں نظام آبا کے تین افرادہلاک ہوگئے ۔ یہ حادثہ رات کے وقت پیش آیا۔ حادثہ میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے ۔ مقامی افراد کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مہاراشٹر میں درشن کے بعد واپس ہونے والے افراد کی کارچلانے والے نے توازن کھودیا اور کار کنارے کھڑی لاری سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ کار میں سوار افراد نظام آباد ورنی منڈل کے ساکن بتائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں چندر شیکھر کی حالت تشویشناک ہے ، جسے بہتر علاج کیلئے بھینسہ سے نظام آباد منتقل کیا گیا ہے ۔ حادثہ کامقام دلخراش منظر پیش کررہاتھا۔حادثہ میں کار کو شدید نقصان پہنچا۔حادثہ کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچ گئی جس نے گاڑی کو ہٹاکر ٹریفک بحال کیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔
دو کمسن بھائی گڑھے میں ڈوب کر ہلاک
حیدرآباد4ستمبر(یواین آئی)ضلع نارائن پیٹ کے تماریڈی پلی تانڈا میں دو کمسن بھائی پانی کے گڑھے میں گرکرہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پونیا نائک اور جیا اماں کے دو بیٹے اَبھی اور آکاش حیدرآباد میں مقیم تھے ۔ وہ والدین کے ساتھ گنیش وسرجن کیلئے گاؤں آئے تھے ۔ اسی دوران مکان کے احاطے میں تعمیری کام کیلئے کھودے گئے گڑھے میں دونوں بچے گر پڑے ۔ خاتون نے بچوں کو تلاش کیا تو وہ گڑھے میں بے ہوش پائے گئے ۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔گاؤں میں اس واقعہ سے غم کی فضا چھا گئی ۔