تلنگانہ ، اے پی کو جوڑنے 2 سوپر فاسٹ ریلوے لائنس

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلگو ریاستوں کے ریل مسافرین کے لیے خوشخبری میں مرکزی حکومت نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو مربوط کرنے والی دو نئی سوپر فاسٹ ریلوے لائنس کی تعمیر کو منظوری دی ہے ۔ ریلوے عہدیداروں کو ان علاقوں کے درمیان کنیکٹیویٹی میں اضافہ کے لیے ضروری سروے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مجوزہ سوپر فاسٹ ریلوے لائنس میں ایک لائن شمس آباد ( عمدہ نگر ریلوے اسٹیشن ) اور وشاکھا پٹنم کے درمیان براہ وجئے واڑہ ہوگی ۔ یہ لائن مشرق وسطیٰ جانے کے لیے آندھرا پردیش کے مختلف مقامات سے سفر کرنے والے مسافرین کے لیے حیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کو راست کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی اور مسافرین کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی ۔ پہلی مرتبہ عمدہ نگر پر راست سوپر فاسٹ ریلوے لائن ہوگی ۔ دوسری نئی ریلوے لائن وشاکھا پٹنم اور کرنول کو براہ کاچی گوڑہ مربوط کرے گی ۔ محبوب نگر اور کرنول کی سمت زیادہ ٹرینس چلانے کی مانگ کی جارہی ہے ۔ ریلوے بورڈ نے ان دو ریاستوں کے درمیان بہتر کنیکٹیویٹی کے لیے ضروری سروے کرنے کو منظوری دی ہے ۔۔