تلنگانہ ، دہلی کے نقش قدم پر ، بستی دواخانوں کا قیام ، مفت پانی کی سربراہی

   

مختلف اسکیمات متعارف ، عوام کو قریب کرنے کی کوشش ، حکومت کے اقدامات کا عوام سے خیر مقدم
حیدرآباد۔ تلنگانہ دہلی کے نقش قدم پر چلنے لگا ہے اورحکومت کی جانب سے عام آدمی پارٹی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عوام سے قریب ہونے لگی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں دہلی کے محلہ کلینک کے طرز پر بستی دواخانوں کے بعد اب حکومت نے ڈسمبر سے مفت پانی کی سربراہی کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے جو کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کی جانب سے دہلی کے شہریوں کو فراہم کیا جا رہاہے۔ ریاست میں بر سر اقتدار تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کی جانب سے عام آدمی پارٹی کی مختلف اسکیمات کو ریاست میں روشناس کرواتے ہوئے عوام سے قریب ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے شہر حیدرآباد کے انتخابات میں مفت پانی کی سربراہی کی اسکیم کے اعلان پر مختلف گوشوں سے اس کا خیر مقدم کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ٹی آر ایس ریاست میں عام آدمی پارٹی کی فلاحی اسکیمات کو روشناس کروارہی ہے۔شہریوں کا کہناہے کہ دہلی میں حکومت کی جانب سے محلہ کلینک کے آغاز کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں بستی دواخانوں کا قیام عمل میں لایا گیا اور ان بستی دواخانوں کے قیام کے سلسلہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی نے واضح طور پر یہ کہا کہ دہلی میں قائم کئے گئے محلہ کلینک کا جائزہ لینے کے بعد ہی ریاستی حکومت کی جانب سے شہرحیدرآباد میں بستی دواخانوں کے قیام کے ذریعہ عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور آج چیف منسٹر کی جانب سے مفت سربراہی آب کے منصوبہ کے اعلان کے ساتھ ہی شہریو ںاور سیاسی ماہرین کی جانب سے کہا جانے لگا ہے کہ ریاستی حکومت نے عام آدمی پارٹی کی جانب سے تیار کردہ دوسری اسکیم کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ریاست کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بستی دواخانوں کے قیام کے بعد اب مفت سربراہی آب کو یقینی بنانے کے فیصلہ سے رائے دہندوں کو ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ ریاستی حکومت راست رائے دہندوں کو فائدہ پہنچانے کے اقدامات کرے گی۔