تلنگانہ آئی ٹی شعبہ کے فروغ کے اقدامات

   

ریاستی بجٹ میں سب سے زیادہ 774 کروڑ روپئے مختص
حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز)۔ ریاست میں حکومت کی جانب سے محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کے فروغ کے لئے بجٹ2024-25 میں مختص کردہ 774 کروڑ میں سب سے زیادہ بجٹ ریاست میں انفارمیشن ٹکنالوجی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے لئے مختص کیاگیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے موازنہ کی پیشکشی کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ریاستی حکومت محکمہ آئی ٹی کے فروغ کے لئے جملہ 774 کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بجٹ منظوری کے دستاویزات کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے منی کنڈہ میں اسٹیٹ ڈاٹا سنٹر کے قیام کے علاوہ سائبر سیکیوریٹی کی نگرانی اور خواتین کی جانب سے سے شروع کئے جانے والے اسٹارٹ اپس کے لئے بھی خصوصی فنڈس مختص کئے گئے ہیں۔ وزارت انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کے فروغ کیلئے 206.50 کروڑ مختص کئے گئے ہیں جبکہ ورنگل آئی ٹی ٹاؤر کے دوسرے مرحلہ کے لئے بھی محکمہ کی جانب رقم مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کریم نگر ‘ کھمم ‘ نظام آباد‘ سدی پیٹ اور نلگنڈہ میں آئی ٹی ٹاؤر کے کاموں کو جاری رکھنے کے لئے علحدہ رقم مختص کی گئی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے مختص کئے گئے اس بجٹ میں ریاستی حکومت نے مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اقدامات پر خصوصی توجہ کے لئے 80 کروڑ روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے ٹی ۔ہب کے لئے 40 کروڑ‘ وی ۔ہب کے لئے 9کروڑ‘ ٹی۔فنڈ کے لئے 15کروڑ‘ TASK کے لئے 30کروڑاور دیگر مدات میں علحدہ علحدہ بجٹ مختص کیاگیا ہے۔3