سٹی بس کرایوں میں 25 پیسے اور ایکسپریس و دیگر کے کرایوں میں 30 پیسے فی کیلو میٹر اضافہ کی تجویز
حیدرآباد۔ یکم ؍ دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ میں آر ٹی سی بس کے کرایوں میں اضافہ ہونے والا ہے ۔تلنگانہ آر ٹی سی نے آرڈنری بس،پلے ویلوگو اور سٹی بس کے کرایوں کی شرحوں میں فی کلومیٹر 25 پیسے ، ایکسپریس بسوں اور دیگر تمام بسوں کے کرایوں کی شرحوں میں فی کلومیٹر 30 پیسے اضافہ کی تجویز پیش کی ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ آر ٹی سی کا انحصار ٹکٹ کی آمدنی پرہے ۔ ڈیزل کی بڑھتی قیمتیں آر ٹی سی پر سنگین بوجھ بن رہی ہیں۔ مرکز ڈیزل پر سیس کی شکل میں بھاری قیمت وصول کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں روزانہ اوسطاً 11.5 کروڑ روپے کی آمدنی کارپوریشن کو ہوئی ہے ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں 27.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ کرایہ میں اضافہ کا مسئلہ وزیراعلی کے علم میں لایاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جلد ہی چارجس میں اضافہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چارجز میں اضافے سے آر ٹی سی کو 700 کروڑ روپے اضافی آمدنی ہوگی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے آر ٹی سی کے صدر نشین باجی ریڈی گووردھن اور ایم ڈی سجنار نے بتایا کہ فیول کے چارجس میں اضافے کے بوجھ کی پابجائی کے لئے کرایوں میں اضافہ ضروری ہوگیا ہے۔ مسافرین کو بہتر خدمات کی فراہمی کی برقراری کے لئے آر ٹی سی کو نقصانات پر قابو پانے کے لئے کرایوں میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں بس کرایوں میں اضافے کی تجویز کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے رجوع کیا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ کرایوں میں اضافے کے منصوبہ سے چیف منسٹر کو پہلے ہی واقف کروایا جاچکا ہے اس ضمن میں رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ صدر نشین باجی ریڈی گووردھن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حالات کو سمجھتے ہوئے کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں۔