حیدرآباد27نومبر(یواین آئی) تلنگانہ آرٹی سی ملازمین کو دوسرے دن بھی ڈیوٹی سے رجوع ہونے نہیں دیاگیااور رجوع بکار ہونے کے لئے ڈپوز پہنچنے والے ورکرس کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔دو دن پہلے تلنگانہ آرٹی سی ورکرس کی 52روزہ ہڑتال کو ختم کرنے اور رجوع بکارہونے کے فیصلہ کے بعد دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے تمام بس ڈپوز میں سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے ۔منگل کو بھی پولیس نے کئی ورکرس کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیاتھا اور آج بھی بس ڈپوز کے سامنے کئی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔اس موقع پر کئی خاتون کنڈکٹرس کو روتا ہوا دیکھا گیا جو ملازمت پر رجوع ہونا چاہتی ہیں تاہم آرٹی سی انتظامیہ نے ان کو اس کی اجازت نہیں دی۔ملازمین نے کہاکہ بغیر کسی شرط کے ملازمت پر رجوع ہونے کی کوشش پر ان کو ایسا کرنے سے روکا جارہا ہے ۔انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کے معاندانہ رویہ کی مذمت کی۔دوسری طرف پیر کو ہی آرٹی سی انتظامیہ نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ اس ہڑتال کی قانونی حیثیت پر لیبر کورٹ کی جانب سے فیصلہ لئے جانے تک ورکرس کو ملازمت پر واپس نہیں لے گا۔آج دوسرے دن بھی آرٹی سی ڈپوز کے قریب پولیس کی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیا تاکہ ملازمت پر رجوع ہونے سے ورکرس کو روکا جاسکے ۔ساتھ ہی آج بھی ہر بس ڈپو میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیاگیا ۔پولیس نے ملازمت پر رجوع بکار ہونے کے لئے ڈپوز میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ملازمین کو احتیاطی طورپر تحویل میں لے لیا۔