تلنگانہ آرٹی سی ملازمین کا خاموش احتجاج

,

   

حیدرآباد24نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) آرٹی سی کی ہڑتال پرتلنگانہ حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل نہ ملنے پر ملازمین کی جے اے سی کی جانب سے آج خاموش احتجاج کا اہتمام کیا۔اس خاموش احتجاج میں آرٹی سی کی خاتون ملازمین نے حصہ لیاجن کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے ۔ان پلے کارڈس میں آرٹی سی کو بچانے کا مطالبہ کیاگیا۔ان خواتین نے قبل ازیں کہا کہ ملازمت پر رجوع ہونے کے لئے تیار رہنے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آرہا ہے جو افسوسناک بات ہے ۔آرٹی سی جے اے سی نے مستقبل کے لائحہ عمل پرغور کرتے ہوئے اس خاموش احتجاج کا شہر حیدرآباد کے ایم جی بی ایس بس اسٹیشن میں اہتمام کیا۔ساتھ ہی اسی وقت ریاست کے تمام اضلاع کے ڈپوز میں بھی خاموش احتجاج،زنجیری بھوک ہڑتال کی گئی۔ریاست بھر میں پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے گئے اور آرٹی سی کے مہلوک ملازمین کو خراج پیش کیاگیا۔ دوسری طرف پولیس کی بھاری جمعیت ڈپوز میں تعینات کردی گئی تاکہ کسی بھی قسم کی ناگہانی کو روکا جاسکے ۔ان ورکرس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بغیر کسی شرط کے ان کو ملازمت پر فوری واپس لیاجائے ۔ انہوں نے خواہش کی کہ وزیراعلی کے چندرشیکھر راو فوری طورپران کے مسائل کو حل کرتے ہوئے ملازمت پر ان کو واپس لیں۔