حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی بسوں میں آن لائن ادائیگیوں کی سہولت فراہم ہوگی۔ آن لائن ادائیگیوں کیلئے آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ آن لائن ادائیگیوں کیلئے آٹو میٹک فیر کلکشن سسٹم (اے ایف سی ایس ) مشینں آر ٹی سی کو پہونچ گئی ہیں، چند ماہ قبل اس کے آرڈرس دیئے گئے تھے۔ بہت جلد مسافرین کو تمام اقسام کی بسوں میں آن لائن ادائیگیوں کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔ اس سے آر ٹی سی بسوں میں مسافرین کو چلرکا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ بالخصوص مسافرین کی جانب سے کنڈکٹر کو ٹکٹ کیلئے دی جانے والی بڑی نوٹوں کے موقع پر وہ ٹکٹ کے پیچھے باقی رہ جانے والی رقم کو نوٹ کرتے تھے اور بس سے اُترتے وقت مسافرین ماباقی رقم واپس لینا بھول جاتے تھے۔ اب اسمارٹ فون میں دستیاب ڈیجیٹل ادائیگیاں فون پے، گوگل پے، پے ٹی ایم، واٹس ایپ پے مینٹس کے ذریعہ ٹکٹ کیلئے درکار رقم ادا کرنے کی سہولت فراہم ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈس کے ذریعہ بھی ادائیگیوں کی سہولت ہے۔ فی الحال عہدیداروں کی جانب سے مشینوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔6 ہزار مشینس دستیاب ہوجانے کی وجہ سے پہلے مرحلے میں حیدرآباد میٹرو کے حدود میں انہیں استعمال کرنے اور اس کے بعد ریاست بھر میں توسیع دینے کا آر ٹی سی کے عہدیدار منصوبہ تیار کررہے ہیں۔ ڈرائیورس اور کنڈکٹرس میں بھی ان مشینوں کے تعلق سے شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ تجربہ کے طور پر شہر کے ایک دو بس ڈپوز کے حدود میں اس کو استعمال کیا جارہا ہے۔2