تلنگانہ آر ٹی سی کا سنکرانتی تہوار کیلئے 4484 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ

   

حیدرآباد ۔ 6 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی نے سنکرانتی تہوار کے پیش نظر 4484 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 7 تا 15 جنوری تک یہ خصوصی بسیں عوام کو دستیاب رہیں گی۔ خصوصی بسوں کیلئے معمول کے ٹکٹ رہیں گے اور ساتھ ہی خواتین کو مفت سفر کرنے کی سہولت بھی برقرار رہے گی۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے سنکرانتی تہوار کے پیش نظر خصوصی طور پر چلائی جانے والی بسوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ایم جی جی ایس، جے بی ایس، کے پی ایچ پی، بوئن پلی، گچی باؤلی، اپل، آرام گھر، ایل بی نگر کراس روڈ۔ علاقوں سے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ بسوں میں سفر کی مفت سہولت کی وجہ سے زیادہ خواتین کے سفر کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ عوام کو پانی، کرسیاں، شامیانے کے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ سجنار نے بتایا کہ گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال 200 سے زیادہ خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں۔ تلنگانہ کے مختلف مقامات سے آندھراپردیش کو جانے کیلئے 1500 خصوصی بسیں ضرورت ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تاہم 600 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے مہالکشمی اسکیم کے ذریعہ خواتین کو ویلگو اور ایکسپریس بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ ان بسوں میں خواتین کے زیادہ سفر کرنے کا اندیشہ ہے جس کے پیش نظر ویلگو اور ایکسپریس بسیں زیادہ چلانے کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ 4484 خصوصی بسوں میں 626 بسوں میں پہلے ہی ریزرویشن کرانے کی عوام کو سہولت فراہم کی گئی ہے۔2