تلنگانہ آر ٹی سی کو روزانہ 10 کروڑ کی آمدنی

   


لاک ڈاؤن کے بعد کارکردگی میں بہتری ، مستقبل میں مزید آمدنی کی امید

حیدرآباد: تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے کورونا لاک ڈاؤن میں ہوئے بھاری نقصانات کی پابجائی کا آغاز کردیا ہے ۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں آر ٹی سی کی آمدنی میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی تھی لیکن لاک ڈاؤن کی برخواستگی کے بعد آر ٹی سی اپنی خدمات کو معمول پر لاتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کیا ہے۔ آر ٹی سی مستقل طور پر خسارہ میں ہیں جس کے نتیجہ میں حکومت کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی نے اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ روزانہ 10 کروڑ کی آمدنی کو یقینی بنایا ہے ۔ ماقبل کووڈ صورتحال میں آر ٹی سی کو روزانہ تقریباً 12 کروڑ کی آمدنی تھی لیکن لاک ڈاؤن کے دوران آر ٹی سی خدمات سے استفادہ میں کمی واقع ہوئی تھی ۔ 6 ماہ تک آر ٹی سی کی خدمات بند رہی اور 25 ستمبر سے سرویسز کا آغاز ہوا ۔ گریٹر حیدرآباد زون کے اگزیکیٹیو ڈائرکٹر وی وینکٹیشورلو نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے بعد بسوں کی بحالی کے وقت صرف 10 فیصد مسافرین نے آر ٹی سی سے استفادہ کیا لیکن مسافرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی بھی بعض روٹس پر آر ٹی سی خسارہ میں ہے۔ آئی ٹی شعبہ کے ملازمین گھر سے کام کر رہے ہیں لہذا آئی ٹی کمپنیوں کے علاقوں میں بس سرویسز میں کوئی خاص منافع نہیں دیکھا گیا۔ آر ٹی سی ملازمین نے نقصانات کو کم کرتے ہوئے ادارہ کو خود مکتفی بنانے کی ٹھان لی ہے تاکہ حکومت کی امداد پر انحصار کرنے کی ضرورت نہ پڑے ۔