تلنگانہ آر ٹی سی کی آمدنی میں بتدریج اضافہ، سنکرانتی میں خصوصی سرویسس

   

کوریئرسرویس سے زائد آمدنی، کارپوریشن کے حکام مزید بہتری کے بارے میں پُرامید
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں آر ٹی سی کی آمدنی میں بتدریج اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں کارپوریشن کے استحکام کی امید جاگی ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران آر ٹی سی کی آمدنی 70 فیصد تک گھٹ چکی تھی لیکن اَن لاک سرگرمیوں کے آغاز کے بعد مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں آمدنی بہتر ہوئی ہے۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران کارپوریشن نے شہر اور اضلاع کی سرویسس میں روزانہ کی بنیاد پر بہتر منافع حاصل کیا۔ کورونا کیسس میں کمی کے بعد سے عوام آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے کو دوبارہ ترجیح دے رہے ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران اور اس کے بعد آر ٹی سی بسوں سے عوام نے دوری اختیار کرلی تھی۔ سنکرانتی کے موقع پر آر ٹی سی کو خصوصی بس سرویسیس کا انتظام کرنا پڑا ہے اور امید ہے کہ سنکرانتی میں آر ٹی سی کو بہتر منافع حاصل ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ آر ٹی سی کو روزانہ 10 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہورہی ہے جبکہ سابق میں یہ آمدنی 12 کروڑ تک تھی۔ آر ٹی سی نے نہ صرف خدمات میں توسیع کی ہے بلکہ مسافرین کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے۔ لاک ڈاؤن کے بعد آر ٹی سی بس سرویس کے آغاز کے نتیجہ میں محض 2 کروڑ روپئے روزانہ حاصل ہورہے تھے جس سے کارپوریشن کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں تھا۔ کارپوریشن نے کارگو پارسل اور کوریئر سرویس کے آغاز کے ذریعہ اپنی آمدنی میں اضافہ کا سامان کیا ہے۔ مذکورہ سرویس سے آر ٹی سی کو روزانہ تقریباً 15 لاکھ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے۔ نئے سال کے دوران کارپوریشن ماقبل کورونا صورتحال پر واپس آنے کے بارے میں پرامید ہے۔ گریٹر حیدرآباد زون میں آر ٹی سی کو روزانہ 2 کروڑ کی آمدنی ہے۔ نومبر میں روزانہ 1.25 کروڑ کی آمدنی ہوئی جبکہ لاک ڈاؤن سے قبل حیدرآباد میں روزانہ کی آمدنی 3 کروڑ تھی۔ عہدیداروں کو امید ہے کہ نئے سال میں آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ آر ٹی سی کی جانب سے گریٹر حیدرآباد زون میں 1500 بسیں چلائی جارہی ہیں جو سٹی سرویس کے علاوہ شہر سے متصل مضافاتی علاقوں کیلئے ہیں۔ ستمبر میں محض 25 فیصد بسیں چلائی گئیں جبکہ بعد میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا۔ شہر کے علاوہ اضلاع کی سرویسس میں عوام کا بہتر ردعمل دیکھنے کو ملا ہے۔ سنکرانتی کے دوران آر ٹی سی نے نہ صرف تلنگانہ بلکہ آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹرا کیلئے خصوصی بسوں کا آغاز کیا ہے۔