تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی چار اسکیمات کا اعلان

   

پانچ کروڑ بجٹ کی اجرائی، رحیم الدین انصاری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی میں چار مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا اعلان کیا جن میں کارنامہ حیات ایوارڈ، بیسٹ اردو ٹیچر و بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ ، اردو مصنفین و شعرائے اکرام کی کتابوں کی اشاعت کے لئے مالی اعانت اور اردو مطبوعہ کتابوں پر انعامات شامل ہیں۔ صدر اردو اکیڈیمی رحیم الدین انصاری نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈیمی نے 2018 ء تک تمام اہم اسکیمات پر عمل آوری مکمل کرلی ہے ۔ سال 2018 ء کے کارنامہ حیات ایوارڈس کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ 6 مختلف زمروں میں مجموعی خدمات پر یہ ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں۔ شاعری میں 2 ، نثر، تحقیق و تنقید ، تعلیم و تدریس ، فروغ اردو اور صحافت میں ایک ایوارڈ دیا جائے گا ۔ 2018-19 کے بیسٹ اردو ٹیچرس ایوارڈ کے لئے درخواست کے لئے طلب کی جارہی ہے جبکہ 2018-19 ء کے بیسٹ اردو اسٹوڈنٹس ایوارڈس کے لئے متعلقہ ڈی ای اوز سے تفصیلات طلب کی جارہی ہیں۔ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈس 10,000 روپئے اور بیسٹ اسٹوڈنٹ ایوارڈ 5,000 روپئے پر مشتمل ہے۔ 2019 ء کے اردو مصنفین و شعراء کی کتابوں کی اشاعت کے لئے مسودات طلب کئے جارہے ہیں۔کتاب کے سائز کے اعتبار سے علی الترتیب 15,000 اور 18,000 روپئے منظور کئے جاتے ہیں ۔ پہلی قسط مسودات کی منظوری اور دوسری قسط طبع شدہ کتابوں کی 8 کاپیوں کے ادخال کے بعد ادا کی جاتی ہے ۔ تلنگانہ کے اردو مصنفین کی 2018 ء میں مطبوعہ اردو کتابوں پر انعامات کے لئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ انعام اول 8,000 ، انعام دوم 6,000 اور انعام سوم 5,000 پر مشتمل ہے۔ ہر اسکیم کے لئے علحدہ علحدہ ماہرین کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ صدر اردو اکیڈیمی نے بتایا کہ علی الحساب بجٹ میں اکیڈیمی کیلئے 20 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے۔ بعد میں بجٹ کو گھٹاکر 8.5 کروڑ کیا گیا۔ 2.98 کروڑ اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے جبکہ اسکیمات کے لئے 5 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ اکیڈیمی اپنے خرچ پر عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں عنقریب کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرقع اقبال اور آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کے کارناموں پر مشتمل کتاب شائع کی جائے گی ۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے اشتراک سے جشن اردو کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سکریٹری ڈائرکٹر محمد غوث موجود تھے ۔