تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی میں راجندر سرفہرست، حاضری میں کرن کمار ریڈی

   

ایک سال کے دوران سوالات اور مباحث میں حصہ لینے سے متعلق تفصیلات کی اجرائی، تلنگانہ کے دیگر ارکان کی کارکردگی اوسط
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) لوک سبھا کی کارروائی میں حصہ لینے اور حاضری کے معاملہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی میں کافی فرق دیکھا گیا ہے۔ بعض ارکان نے حاضری اور کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے اپنی شناخت بنائی جبکہ بعض دیگر ارکان مسلسل غیر حاضر رہے۔ ارکان کی جانب سے سوالات پوچھے جانے اور مباحث میں حصہ لینے کے بارے میں جو تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں ان کے مطابق ملکاجگیری کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر اب تک کہ سب سے ایکٹیو پارلیمنٹرین ثابت ہوئے ہیں۔ تلنگانہ کے تمام ارکان میں اُن کی کارکردگی سرِفہرست رہی۔ ایٹالہ راجندر نے اب تک 80 سوالات کئے جو ریاست کے دیگر ارکان کے مقابلہ سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے 9 مسائل پر مباحث میں حصہ لیا اور اُن کی حاضری 91.17 فیصد رہی۔ بھونگیر سے تعلق رکھنے والے کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی صدفیصد حاضری کے ساتھ تلنگانہ ارکان میں سرِفہرست رہے۔ انہوں نے 79 سوالات کئے اور 17 مباحث میں حصہ لیا۔ کرن کمار ریڈی ایوان میں سب سے زیادہ دکھائی دینے والے رکن ثابت ہوئے ہیں۔ نلگنڈہ کے کانگریس رکن پارلیمنٹ کے رگھوویر ریڈی کی حاضری دیگر ارکان کے مقابلہ کم ہے۔ اُن کی حاضری 72.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے 8 سوالات کئے اور ایک بھی بحث میں حصہ نہیں لیا۔ میدک کے بی جے پی رکن رگھونندن راؤ کی حاضری 97.05 فیصد رہی اور وہ حاضری کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر رہے۔ رگھونندن راؤ نے 46 سوالات کئے اور 7 مباحث میں حصہ لیا۔ چیوڑلہ کے بی جے پی رکن کونڈا وشویشور ریڈی کی حاضر 95.58 فیصد رہی اور انہوں نے 18 سوالات کے ساتھ 6 مباحث میں حصہ لیا۔ ناگرکرنول کے کانگریس رکن ملوروی کی حاضری 92.64 فیصد رہی اور انہوں نے 28 سوالات کئے اور 10 مباحث میں حصہ لیا۔ مجلس کے اسد الدین اویسی جو پانچویں مرتبہ لوک سبھا کے رکن ہیں اُن کی حاضری 92.64 فیصد رہی ، انہوں نے 54 سوالات کئے اور 21 مباحث میں حصہ لیا۔ عادل آباد کے بی جے پی رکن جی نگیش کی حاضری 92.64 فیصد رہی، انہوں نے 40 سوالات پوچھے اور 4 مباحث میں حصہ لیا۔ محبوب نگر کی بی جے پی رکن ڈی کے ارونا کی حاضری 88.23 فیصد درج کی گئی۔ انہوں نے 73 سوالات کئے اور 14 موضوعات پر مباحث میں حصہ لیا۔ نظام آباد کے بی جے پی رکن ڈی اروند کی حاضری بھی 88.23 فیصد رہی، انہوں نے 59 سوالات پوچھے اور 2 مباحث میں حصہ لیا۔ پدا پلی کے کانگریس رکن جی ومشی کرشنا نے 31 سوالات کئے اور اُن کی حاضری 89.7 فیصد رہی۔ محبوب آباد کے بلرام نائیک کی حاضری بھی 89.7 فیصد رہی۔ انہوں نے 13 سوالات کئے اور تین مباحث میں حصہ لیا۔ مرکزی وزراء جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار کے بارے میں تفصیلات دستیاب نہیں ہیں کیونکہ وزیر کی حیثیت سے وہ سوالات نہیں کرسکتے اور مباحث میں حصہ لینا اُن کے اختیار میں نہیں۔ 24 جون 2024 سے 4 اپریل 2025 کی مدت کے دوران ارکان پارلیمنٹ کی حاضری اور کارکردگی کی تفصیلات جاری کی گئیں۔1