تلنگانہ اسمبلی اجلاس کا آج سے آغاز، پہلے دن نئے ارکان کی حلف برداری

   

جمعہ کو اسپیکر کا انتخاب، ہفتہ کو مشترکہ اجلاس سے گورنر کا خطاب، اتوار کو تحریک تشکر پر بحث و منظوری

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا چار روزہ اجلاس جمعرات سے شروع ہوگا۔ جس میں نئے ارکان کو حلف دلایا جائے گا اور اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا اور گورنر ای ایس ایل نرسمہن مقننہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ گورنر نرسمہن نے 17 جنوری کو 11-30 بجے سے اسمبلی اجلاس کی طلبی کے لئے 7 جنوری کو حکمنامہ جاری کیا تھا۔ حلقہ چارمینار سے منتخب سینئر رکن ممتاز احمد خاں عبوری اسپیکر منتخب کئے گئے ہیں جو کل نئے ارکان کو حلف دلائیں گے۔ اسمبلی کی کارروائی چار دن 17 تا 20 جنوری جاری رہے گی۔ پہلے دن نئے ارکان حلف لیں گے۔ دوپہر کو قانون ساز کونسل کے سبزہ زار پر نو منتخب ارکان کے لئے لنچ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسپیکر کے انتخاب کا عمل بھی 17جنوری کو مقرر ہے۔ اس دن سے نامزدگی کا عمل شروع ہوگا۔ بشمول سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، سابق وزراء پوچارام سرینواس ریڈی، ای راجندر اور اے اندرا کرن ریڈی کے نام اس عہدہ کیلئے اہم امیدواروں کے طور پر گشت کررہے ہیں۔ گزشتہ اسمبلی میں مدھو سدن چاری اسپیکر تھے لیکن 7 ڈسمبر کو منعقد انتخابات میں انہیں شکست ہوگئی تھی۔ اسپیکر کے انتخاب اور اس کا اعلان 18 جنوری کو ہوگا۔ گورنر نرسمہن 19 جنوری کو مقننہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ دوسرے دن ( 20 جنوری کو ) گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پیش کی جائے گی اور اسی روز منظور کرلی جائے گی۔119 رکنی اسمبلی میں ٹی آر ایس کے 88، کانگریس کے 19، مجلس کے 7 ، ٹی ڈی پی کے 2، ایک آزاد، ایک اے آئی ایف بی، ایک بی جے پی اور ایک نامزد رکن ہے۔ 19 رکنی کانگریس لیجسلیر پارٹی کل اپنا لیڈر منتخب کرے گی جو ایوان میں قائد اپوزیشن ہوگا۔