کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کیلئے سائنا خاندان کی خدمات کا تذکرہ، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دوسروں کا اظہار خیال
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آج آغاز ہوا اور اجلاس کے پہلے دن کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کی سابق رکن اسمبلی آنجہانی کماری لاسیا نندیتا سائنا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نندیتا سائنا کا شہر کے مضافاتی علاقہ میں سڑک حادثہ میں دیہانت ہوگیا تھا۔ کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ ہوچکا ہے جس میں کانگریس کے ٹکٹ پر سری گنیش کو کامیابی حاصل ہوئی چونکہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اسمبلی اجلاس منعقد نہیں ہوا تھا لہذا بجٹ کے پہلے دن آنجہانی سابق رکن اسمبلی کو خراج پیش کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے قائد ایوان کی حیثیت سے تعزیتی قرارداد پیش کی اور نندیتا کے والد سائنا سے اپنے قریبی روابط کا حوالہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آج نندیتا سائنا کو اظہار تعزیت کیلئے قرارداد کی پیشکشی کا لمحہ ان کیلئے انتہائی دکھ کا باعث ہے۔ ایک کم عمر رکن اسمبلی ایک حادثہ کے سبب ہم سے جدا ہوگئیں حالانکہ کنٹونمنٹ کے عوام کو ان سے کافی توقعات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنا نے ایک عام خاندان میں جنم لیا اور ان کا تعلق نظام آباد سے تھا۔ نندیتا کے والد سائنا سے میرے قریبی روابط رہے اور کئی سال تک ہم نے ساتھ ملکر عوامی زندگی میں کام کیا ہے۔ جی سائنا کے دیہانت کے بعد سیاسی وارث کے طور پر نندیتا کو عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جی سائنا کنٹونمنٹ کے گریٹر حیدرآباد میں انضمام کے حق میں تھے اور اس کے لئے انہوں نے مساعی بھی کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سائنا اور پھر ایک ہی سال کی مدت میں نندیتا کی موت نے خاندان کو دوہرا زخم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنا نے جو ادھورے کام چھوڑے ہیں حکومت ان کی تکمیل کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے عوام سے سائنا خاندان کے جذباتی روابط رہے اور سائنا کا نام کنٹونمنٹ سے جڑ چکا تھا۔ ملکاجگری کے رکن پارلیمنٹ کے طور پر میں نے سائنا کے ساتھ کنٹونمنٹ کے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کی مساعی کی تھی۔ چیف منسٹر نے افراد خاندان سے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ بی آر ایس رکن کے ٹی راما راؤ نے نندیتا سائنا کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جی ایچ ایم سی کارپوریٹر کے طور پر نندیتا نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس ہمیشہ اس خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ریاستی وزراء سریدھر بابو اور پونم پربھاکر کے علاوہ بی جے پی فلور ریڈی مہیشور ریڈی، بی جے پی رکن اسمبلی پی شنکر، مجلس کے رکن احمد بلعلہ، سی پی آئی رکن سامبا سیوا راؤ، کانگریس کے راج ٹھاکر، سری گنیش اور بی آر ایس کے ارکان ٹی سرینواس یادو، سنیتا لکشما ریڈی، ایم گوپال، ویویکانند اور ایم راج شیکھر ریڈی نے بھی نندیتا سائنا کو خراج پیش کیا۔ بعد میں اسپیکر پرساد کمار نے تعزیتی قرارداد پیش کی اور دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ تعزیتی قرارداد کے بعد اجلاس کو کل 24 جولائی تک ملتوی کردیا گیا۔تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد یہ پہلا بجٹ اجلاس ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے مختلف وعدے کئے ہیں جن پر عمل آوری کے علاوہ بجٹ میں سماج کے تمام طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف رعایتوں کی توقع کی جارہی ہے ۔ 1