حیدرآباد۔ 14۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات کیلئے پرچۂ نامزدگی اور اس کے ساتھ داخل کئے جانے والے حلف ناموں میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاست کے کئی سیاستداں ایسے ہیں جن کی بیویاں ان سے زیادہ دولتمند ہیں۔ اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنے والے وزیر ٹی راما راؤ نے جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس کے مطابق ان کے پاس 17.33 کروڑ کے اثاثہ جات ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے ۔ شائیلیما کے اثاثہ جات کا جو انکشاف کیا گیا وہ 33.91 کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ہیں۔ اس اعتبار سے کے ٹی راما راؤ کی اہلیہ کے پاس کے ٹی آر سے دوگنی جائیداد و اثاثہ جات ہیں‘اتنا ہی نہیں قرضہ جات میں بھی کے ٹی آر کی اہلیہ کے ٹی راما راؤ سے آگے ہیں اور انہیں کے ٹی آر سے زائد قرض ادا کرنا ہے۔ سینیئر رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے جو حلف نامہ داخل کیا اس کے مطابق ان کے پاس مجموعی طور پر 9.24 کروڑ کی اثاثہ جات اور جائیدادیں ہیں جبکہ ان کی اہلیہ جمنا کے اثاثہ جات کی جو تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ان کے مطابق راجندر کی اہلیہ جمنا کے پاس 40.48 کروڑ کے اثاثہ جات اور جائیدادیں ہیں جن میں منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں شامل ہیں۔ ایٹالہ راجندر پر 3 کروڑ 48 لاکھ کا قرض ہے جبکہ ان کی اہلیہ 15 کروڑ 51 لاکھ کی مقروض ہیں ۔ ایٹالہ راجندر اور کے ٹی آر کے علاوہ پی ۔ سرینواس ریڈی نے جو اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کی ہیں اس میں بتایا ہے کہ ان کی جملہ جائیداد و اثاثہ جات 88.48 کروڑ ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کی دولت کی تفصیلات سب کو چونکا دینے والی ہیں کیونکہ حلف نامہ کے مطابق ان کی اہلیہ 406 کروڑ 78 لاکھ کی مالک ہیں اور اس کی تفصیلات بھی حلف نامہ میں درج کی گئی ہیں۔ بی آر ایس امیدوار کے پربھارکر ریڈی نے جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس کے مطابق ان کی اہلیہ منجولتا 185 کروڑ 48 لاکھ کی مالک ہیں اور وہ خود 91 کروڑ87 لاکھ کے اثاثہ جات رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کی سیاست میں حصہ لینے والے امیدواروں کی بیوی اور ان کے اثاثہ جات شوہر سے زیاد ہونے کی کے سلسلہ میں مختلف گوشوں سے تحقیق کی جارہی ہے اور دعویٰ کیا جار ہاہے کہ ان سیاستدانوں کی اہلیہ خود بھی کئی کمپنیوں حصہ دار ہیں اسی لئے ان کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔