حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی و کونسل کے سرمائی سیشن کا کل 5 جنوری کو آخری دن ہوسکتا ہے۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں اگرچہ 7 جنوری تک سیشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن حکومت کے ایجنڈہ کی تکمیل اور سرکاری بلز کی منظوری کے بعد حکومت نے پیر کو اجلاس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اسپیکر کی جانب سے اظہار خیال کا موقع نہ دیئے جانے پر بی آر ایس نے سیشن کا بائیکاٹ کیا ہے۔ آبپاشی پراجکٹس اور دریاؤں کے پانی پر مباحث ہوچکے ہیں۔ جی ایچ ایم سی اور پنچایت راج قوانین میں ترمیم سے متعلق بلز کو منظوری دی گئی۔ حکومت کے تقریباً 10 بلز منظور کئے گئے۔ اسمبلی میں پیر کو تلنگانہ یونیورسٹی ترمیمی بل 2026 اور تلنگانہ گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس ترمیمی بل 2026 پیش کئے جائیں گے۔ حیدرآباد انڈسٹریل لینڈس ٹرانسفارمیشن پالیسی (HILT) پر مختصر مباحث کو ایجنڈہ میں شامل کیا گیا ہے۔ کونسل میں 4 سرکاری بلز پیش کئے جائیں گے جنہیں اسمبلی میں منظوری مل چکی ہے۔ ان میں سرکاری جائیدادوں پر تقررات کو باقاعدہ بنانے سے متعلق 2 اور پنچایت راج قانون میں ترمیم سے متعلق 2 بلز شامل ہیں۔ دونوں ایوانوں میں وقفہ سوالات سے کارروائی کا آغاز ہوگا۔ بی آر ایس کی جانب سے مستقل بائیکاٹ کے اعلان کے سبب اسمبلی میں کسی بھی مسئلہ پر گرما گرما مباحث دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ 1
