سخت ترین حفاظتی انتظامات ، مرکز کو نشانہ بنانے ٹی آر ایس کی تیاری
حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کا مانسون سیشن کل 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔ یہ سیشن گزشتہ بجٹ سیشن کا تسلسل رہے گا لہذا اجلاس کے پہلے دن گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے خطاب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی کے بعد سے حکومت نے تکنیکی بنیادوں پر اسمبلی اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے بغیر ہر اجلاس کو گزشتہ کا تسلسل بنایا تاکہ گورنر کو خطبہ سے روکا جاسکے۔ اجلاس کے پہلے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی ایام کار اور زیربحث آنے والے مسائل و سرکاری بلز کو طے کرے گی۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مانسون سیشن ایک ہفتے تک جاری رہے گا اور اجلاس میں مرکزی حکومت کی ناانصافیوں کو چیف منسٹر اور وزراء کی جانب سے اُجاگر کیا جائے گا۔ اسمبلی میں بی جے پی ارکان کی تعداد گھٹ کر دو رہ جائے گی کیوں کہ راجہ سنگھ کو پارٹی نے معطل کردیا ہے اور وہ پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل کی سزا کاٹ رہا ہے۔ مانسون سیشن کے لئے تمام سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ زائد پولیس فورس نے اسمبلی اور کونسل کے اطراف مورچہ سنبھال لیا ہے اور سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تاکہ اپوزیشن کی جانب سے امکانی احتجاج سے نمٹا جاسکے۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اور صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے آج مسلسل دوسرے دن عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ انتظامات میں کوئی نقائص نہ رہیں اور ارکان اسمبلی و کونسل کو ایوان پہونچنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔ کوویڈ قواعد کے بغیر اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس رہے گا جبکہ گزشتہ دو برسوں میں صحافیوں کے لئے بھی ویکسین سرٹیفکٹ کی پیشکشی لازمی قرار دی گئی تھی۔ ملک بھر میں کورونا کیسیس کے تسلسل کو دیکھتے ہوئے اسمبلی کے احاطہ میں واقع ڈسپنسری میں ٹسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اِس کے علاوہ ارکان اسمبلی و کونسل کورونا کا بوسٹر ڈوز لے سکتے ہیں۔ اِسی دوران کانگریس پارٹی نے اسمبلی میں موضوع بحث بنائے جانے والے عوامی اُمور کو قطعیت دے دی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے ساتھی ارکان اسمبلی سے مشاورت کرتے ہوئے عوام کو درپیش مختلف مسائل اور حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے اسمبلی کے اطراف امتناعی احکام نافذ کئے ہیں اور کسی بھی طرح کے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں رہے گی۔ ر