تلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن کو عوامی مسائل پر اظہار خیال کی اجازت

   

نئی دہلی میں آل انڈیا اسپیکرس کانفرنس، اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے نئی دہلی میں آل انڈیا اسپیکرس کی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی اسمبلیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی تجویز پیش کی ۔ آزاد ہندوستان کی پہلی سنٹرل لیجسلیٹیو اسمبلی کے اسپیکر کے وٹھل بائی پٹیل کی یاد میں دو روزہ کانفرنس منعقد کی گئی۔ 1925 میں ان کا انتخاب عمل میں آیا تھا ۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے وٹھل بائی پٹیل نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں حصہ لیا تھا ۔ 1925 میں انگریزی سامراج کے دوران وہ سنٹرل لیجسلیٹیو اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی حیثیت سے ان کے فیصلے آج بھی مثالی ہیں ۔1929 میں بھگت سنگھ نے سنٹرل اسمبلی میں بم پھینکتے ہوئے انگریزوں کی حکمرانی کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ اس موقع پر وٹھل بائی پٹیل اسمبلی میں کرسی صدارت پر تھے اور انہوں نے ارکان کو خوفزدہ ہونے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں جمہوری اصولوں کے مطابق کارروائی چلائی جارہی ہے اور برسر اقتدار پارٹی کے علاوہ اپوزیشن کو بھی بہتر طور پر اظہار خیال کا موقع دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں عوامی مسائل پر خاطرخواہ مباحث کی اجازت دی جاتی ہے۔ کانفرنس کا افتتاح مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کیا۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش گوڑ بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔1