تلنگانہ اسمبلی میں کورونا وائرس کا اثر

   

وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا کسی سے مصافحہ کرنے سے گریز
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ساری دنیا کو خوفزدہ کرنے والا کورونا وائرس کا اثر اسمبلی میں بھی دیکھنے کو ملا ہے ۔ آج سے تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ سیشن شروع ہوا ہے ۔ اسمبلی کو پہونچنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کسی سے مصافحہ ( شیک ہینڈ ) نہیں کیا بلکہ دونوں ہاتھ جوڑتے ہوئے نمستے کرنے پر ہی اکتفا کیا ۔ دوسرے وزراء اور ارکان اسمبلی نے بھی آگے بڑھ کر کے ٹی آر سے مصافحہ کرنے کی جرات نہیں کی بلکہ جواب میں دونوں ہاتھ جوڑتے ہوئے صرف نمستے کرنے کو ہی ترجیح دی ۔ دوسری جانب ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ نے کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ساتھی وزراء اور ارکان اسمبلی سے پرجوش انداز میں مصافحہ کیا اور ہر ایک سے ملاقات کی اور دوسروں نے بھی اس گرمجوشانہ انداز میں ان سے ملاقات کی ۔ آج اسمبلی بجٹ سیشن کے پہلے دن گورنر کا دونوں ایوانوں کے ارکان سے مشترکہ خطاب کی وجہ سے اسمبلی کی لابی میں ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کو ایک دوسرے سے کورونا وائرس پر بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ تاہم یہاں پر عوامی منتخب نمائندے ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے کے بجائے ہاتھ جوڑ کر نمستے کرنے کو ہی ترجیح دے رہے تھے ۔ جس سے تھوڑی دیر کے لیے اسمبلی کی لابی میں ہنسی مذاق کا خوشگوار ماحول دیکھا گیا ۔۔