تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کو مسلم لیگ کی تائید

   

قومی جنرل سکریٹری کی گاندھی بھون آمد
مانک راؤ ٹھاکرے اور منصور علی خاں سے ملاقات
حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) انڈین یونین مسلم لیگ نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی غیر مشروط تائید کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ کے قومی جنرل سکریٹری خرم انیس عمر اور ریاستی صدر محمد شکیل ایڈوکیٹ اور دوسروں نے گاندھی بھون پہنچ کر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے سے ملاقات کی اور تائیدی مکتوب حوالے کیا۔ اس موقع پر سکریٹری اے آئی سی سی منصور علی خاں، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور نائب صدر ڈاکٹر ملو روی موجود تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے خرم انیس عمر نے کہا کہ سیکولر طاقتوں کو مستحکم کرنے کیلئے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ بی آر ایس اور مجلس پر بھروسہ کئے بغیر کانگریس کی تائید کریں کیونکہ کانگریس ہی حقیقی معنوں میں سیکولر اور اقلیتوں کی بھلائی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں کانگریس اور مسلم لیگ کے درمیان اتحاد ہے۔کیرالا میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے دونوں پارٹیاں ملکر کام کررہی ہیں۔ مسلم لیگ قائد نے کہا کہ بی جے پی سماج کو نفرت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتی ہے اور وہ مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھارہی ہے۔ ترقی سے متعلق گجرات ماڈل محض دکھاوا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پانچ ریاستوں میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوگا اور مرکز میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی۔ مانک راؤ ٹھاکرے اور منصور علی خاں نے مسلم لیگ قائدین سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا اقتدار یقینی ہے اور مسلمان کانگریس کے ساتھ ہیں۔