ضلع الیکشن آفیسرس کا ورکشاپ، وکاس راج نے عہدیداروںکی رہنمائی کی
حیدرآباد۔28۔مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے ای وی ایم مشینوں کی جانچ کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کیا ۔ ڈاکٹر مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں منعقدہ ورکشاپ میں 33 ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اور ڈپٹی الیکشن آفیسر نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سینئر عہدیداروں اور مختلف ریاستوں کے ای وی ایم نوڈل آفیسرس ورکشاپ میں شریک ہوئے جن کا تعلق تریپورہ ، آندھراپردیش ، انڈومان ، دادر اور نگر حویلی سے ہے۔ ای سی آئی ایل کے انجنیئرس کی موجودگی میں ای وی ایم مشینوں کی جانچ کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے اپریل کو مسوری میں تمام ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کے لئے قومی سطح کا ورکشاپ منعقد کیا تھا جس میں تلنگانہ اسمبلی چناؤ کی تیاریوں کے بارے میں ہدایات جاری کی گئیں۔ سینئر ڈپٹی الیکشن کمیشن نے اپریل میں تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ آج منعقدہ ورکشاپ میں عہدیداروںکو ای وی ایم مشینوں سے واقف کرایا گیا ۔ ای وی ایم مشینوں کے استعمال اور ان کے تحفظ کے ضروری اقدامات سے عہدیداروں کو واقف کراتے ہوئے تربیت دی گئی ۔ ای وی ایم مشینوں کے علاوہ وی وی پیاٹ کے بارے میں ای سی آئی ایل کے 16 انجنیئرس نے تفصیلات سے واقف کرایا ۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرس کو ہدایت دی کہ ضلعی سطح پر الیکشن مینجمنٹ منصوبے کی تیاری کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے حساس اسمبلی حلقہ جات اور حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔ انتخابی تیاریوں اور خاص طور پر پوسٹل ویالٹ اور ضعیفوں کو مکان سے ووٹ ڈالنے کی سہولت کے بارے میں ہر ضلع میں 18 نوڈل آفیسرس کی تقرر کی خواہش کی گئی ۔ وکاس راج نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق 2 اگست کو نظرثانی شدہ فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی عہدیداروں سے کہا کہ وہ گھر گھر پہنچ کر ناموںکی جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ ایک سے زائد ناموں کو حذف کیا جاسکے۔ پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولتوںکی فراہمی کے لئے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ر