تلنگانہ اسمبلی کا آج خصوصی اجلاس، کونسل کا کل اجلاس، ارکان کیلئے کورونا ٹسٹ لازمی

   

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر کو 11.30 بجے دن شروع ہوگا جبکہ قانون ساز کونسل کا اجلاس 14 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے ۔ بلدی اور ریونیو قوانین نے بعض تبدیلیوں کی منظوری کیلئے دونوں ایوانوں کا اجلاس ایک دن کے لئے طلب کیا گیا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے ارکان ، اسٹاف اور میڈیا کیلئے کورونا ٹسٹ کو لازمی قرار دیا ہے ۔ کورونا ٹسٹ کے لئے اسمبلی کے احاطہ میں خصوصی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں وزراء اور ارکان اسمبلی کے علاوہ اسمبلی اسٹاف اور میڈیا کے نمائندوں نے ٹسٹ کروایا۔ اجلاس میں شرکت کے لئے ارکان کا کورونا نیگیٹو نتیجہ آنا لازمی رہے گا۔ دونوں ایوانوں میں سماجی فاصلہ کے ساتھ نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی اور کونسل میں رجسٹریشن ایکٹ اور نالہ ایکٹ میں ترمیمات کو منظوری دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 ء میں ترمیم کرتے ہوئے خواتین کو 50 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ وارڈ ، کمیٹیوں کی کارکردگی اور وارڈس کے تحفظات کے سلسلہ میں ترمیمات کا امکان ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مجوزہ ترمیمات کو منظوری دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے نئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بل 2020 ء کی پیشکشی کے فیصلہ کو ملتوی کردیا ۔ اس کی جگہ موجودہ جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 ء میں ترمیم کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ نئے قانون کے بجائے ترمیمات کو قطعیت دیں۔ موجودہ قانون میں ترمیم کے ذریعہ وارڈس کے تحفظات کو دو میعادوں تک برقرار رکھا جائے گا۔ تادیبی کارروائی کے سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن کو اختیارات دیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اسٹانڈنگ کمیٹیوں کی برخواستگی اور دو بچوں سے متعلق قانون میں ترمیم کا ارادہ ترک کردیا ہے ۔ اسمبلی اور کونسل میں چیف منسٹر کی جانب سے لینڈ ریگولرائزیشن اسکیم کے بارے میں اعلان کی توقع ہے ۔ ایل آر ایس اسکیم کے سلسلہ میں عوام کی جانب سے مختلف شبہات کا اظہار کیا گیا جس کے ازالہ کے لئے چیف منسٹر چند ایک رعایتوں کا اعلان کرسکتے ہیں۔ اسی دوران اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اور صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے اسمبلی اور کونسل میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو کووڈ۔ 19 قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر نرسمہا چاریلو اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔