اجلاس سے قبل کابینہ میں توسیع کا بھی امکان ۔ پارٹی ہائی کمان سے مشاورت میں تیزی
حیدرآباد 21 نومبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کا سرمائی اجلاس 9 ڈسمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اسمبلی اجلاس سے قبل کابینہ میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے ۔ اسمبلی اجلاس سے قبل کابینہ کی توسیع کیلئے پارٹی ہائی کمان کی منظوری کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بشمول 12 وزراء شامل ہیں اور مزید 6 وزراء کی کابینہ میں گنجائش باقی ہے۔ذرائع کے مطابق 7 ڈسمبر سے قبل کابینہ میں توسیع کے اقدامات کو مکمل کرلیا جائے گا اور مابقی 6 وزراء کو کابینہ میں شامل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کے اقتدار حاصل کرنے کے ایک سال کی تکمیل سے قبل کابینہ میں توسیع کی منصوبہ بندی ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کے علاوہ پارٹی کے سرکردہ قائدین کابینہ کی توسیع کے سلسلہ میں سرگرم مشاورت کر رہے ہیں علاوہ ازیں ہائی کمان سے قطعی مشاورت کے بعد فیصلہ کرکے کابینہ میں توسیع کااعلان کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کے 9 ڈسمبر سے آغاز کے سلسلہ میں اسپیکر اسمبلی کے فیصلہ کے بعد سیکریٹری اسمبلی سے اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ اسمبلی اجلاس میں حکومت تلنگانہ ریجنل رنگ روڈ ‘ محکمہ مال کے قوانین میں ترمیم کے علاوہ ’حیدرا‘ اختیارات اور موسیٰ ندی کے احیاء پر مباحث کرے گی۔ امکان ہے کہ اپوزیشن حصول اراضیات کے علاوہ دیگر امور پر ہنگامہ آرائی کی جائیگی جن میں ’حیدرا‘ کے علاوہ موسیٰ ندی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ بھی شامل ہے۔ کابینہ میں توسیع کی مشاورت کے متعلق کہا جار ہاہے کہ پڑوسی مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اس میں تیزی لائی جائے گی اور ہائی کمان سے مشاورت کرکے کابینہ میں توسیع کے فیصلہ کو قطعیت دی جائے گی۔3