تلنگانہ اسمبلی کو مثالی نمونہ بنانے اسپیکر کا عہد

,

   

حکمران اور اپوزیشن ارکان کو تنقیدوں سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔ 20 جنوری (این ایس ایس) تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر پی سرینواس ریڈی نے ایوان کی کارکردگی کو مثالی انداز میں چلانے کا عہد کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے پر تنقیدوں سے گریز کے ساتھ پرسکون انداز میں ایوان کی کارروائی چلانے اور عوامی مسائل حل کرنے میں تعاون کریں۔ اسپیکر نے اسمبلی لاؤنج میں اخباری نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے تعمیری تنقید اور پروگراموں میں بہتر پیدا کرنے کے لئے تجاویز کی توقع رکھتے ہیں۔ انہیں حکومت کے خلاف غلط ریمارکس اور الزام تراشیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہئے۔ سرینواس ریڈی نے ٹی آر ایس کی قیادت پر دوبارہ اظہار اعتماد کے لئے عوام سے اظہار تشکر کیا اور اسپیکر کے عہدہ پر اپنے تقرر کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کو اپنا وقار برقرار رکھنا چاہئے اور ارکان کو چاہئے کہ وہ عوام کی امنگوں کی تکمیل کیلئے کام کریں۔ اسپیکر نے ارکان پر زور دیا کہ وہ ایوان کی روایات کا احترام اور مقننہ کے قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔