اسکریننگ کمیٹی کا 5 گھنٹے طویل اجلاس، عنقریب پہلی فہرست کی اجرائی
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی اسکریننگ کمیٹی نے اسمبلی امیدواروں کے انتخاب کیلئے آج مسلسل تیسرے دن اجلاس منعقدکیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گذشتہ تین دنوں میں70 سے زائد اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموں پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین مرلیدھرن اور ارکان جگنیش میوانی، بابا صدیقی، اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے اجلاس میں شرکت کی اور امیدواروں کے ناموں پر غور کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے اختتام کے بعد کانگریس امیدواروں کی پہلی لسٹ جاری کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ پارٹی وارروم میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہائی کمان کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنس کے مطابق ناموں پر غور کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 5 گھنٹوں تک اجلاس جاری رہا جس میں کامیابی کی اہلیت رکھنے والے مضبوط امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ سماجی مساوات کے علاوہ امیدواروں کے معاشی اور سیاسی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے ہائی کمان کو ناموں کی سفارش کی جائے گی۔ جاریہ ماہ کے اواخر یا اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں پہلی فہرست جاری کردی جائے گی کیونکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اکٹوبر میں شیڈول کی اجرائی کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسکریننگ کمیٹی نے تمام سیٹنگ ارکان اسمبلی کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ ان کے علاوہ پارٹی کے تینوں ارکان پارلیمنٹ بھی اسمبلی کیلئے مقابلہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے بعض قائدین کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ تقریباً 15 اسمبلی حلقہ جات ایسے ہیں جہاں صرف ایک نام اسکریننگ کمیٹی نے طئے کیا تھا۔ تین روزہ اجلاس میں تقریباً 70 سے زائد ناموںکو قطعیت دی جاچکی ہے۔ توقع ہے کہ ریونت ریڈی حیدرآباد واپس ہونے کے بعد پہلی فہرست کی اجرائی عمل میں آئے گی۔