تلنگانہ اسٹیٹ ایمسیٹ کا آج سے آغاز ‘ وسیع انتظامات

   

ایک منٹ کی تاخیر پر بھی امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی
حیدرآباد۔3 جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ بھر میں تلنگانہ اسٹیٹ انجینئرنگ ‘ اگریکلچر اور میڈیکل کامن انٹرنس ٹسٹ ( ٹی ایس ۔ ایمسیٹ ) 2021 کا کل چہارشنبہ سے آغاز ہونے والا ہے ۔ اس ٹسٹ میں جملہ 2,51,606 طلبا نے رجسٹر کروایا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ 1,64,962 امیدوار انجینئرنگ کے ایمسیٹ ٹسٹ میں شرکت کرینگے جو 4 ،5 اور 6 اگسٹ کو ہونے والا ہے جبکہ 86,644 طلبا نے اگریکلچر و میڈیکل اسٹریم کیلئے رجسٹر کروایا ہے ۔ یہ امتحان 9 اور 10 اگسٹ کو منعقد ہوگا ۔ یہ دونوں ہی انٹرنس امتحان صبح 9 تا 12 بجے دو پہر اور سہ پہر 3 تا 6 بجے شام منعقد کئے جائیں گے ۔ ان کیلئے جملہ 105 مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 82 تلنگانہ میں اور 23 آندھرا پردیش میں ہیں۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد اس ٹسٹ کے انعقاد کی ذمہ دار ہے ۔ یونیورسٹی نے واضح کیا کہ طلبا کو بروقت امتحان گاہ پہونچنا ہوگا اور ایک منٹ کی تاخیر پر بھی داخلہ نہیں دیا جائیگا ۔ یونیورسٹی نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کورونا سے بچاو کے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ماسک لگائیں ‘ سینیٹائزر کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے ۔ طلبا کو الیکٹرانک آلات جیسے موبائیل ‘ کیلکولیٹر اور گھڑی وغیرہ امتحان ہال میں لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین اور اولیائے طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ امتحانی مراکز پر ہجوم سے بچنے کیلئے دور ہی رہیں ۔ کنوینر ٹی ایس ایمسیٹ 2021 پروفیسر اے گوردھن نے بتایا کہ انٹرنس امتحان کے پرسکون انعقاد کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔