حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی کمیشن کی جانب سے صدر نشین کمیشن جناب محمد قمر الدین کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر 12 کیسس کی سماعت کی گئی ۔ پہلے کیس میں جامعتہ المومنات کی جانب سے صدر ڈاکٹر حافظ محمد مستان علی نے پیش ہوتے ہوئے جامعہ کے کورسیس کو بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے مسلمہ قرار دینے کی درخواست کی ۔ جوائنٹ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے بورڈ کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 4 ہفتہ کی مہلت طلب کی ۔ اس کیس کی مزید سماعت 23 نومبر کو ہوگی ۔ ضلع وقار آباد میں دھارور موضع کے سروے نمبر 359 اور 360 قدیم سروے نمبر 359 کے تحت 2 ایکڑ 20 گنٹے اراضی کے متعلق جو پٹہ دار امینہ بیگم کی جانب سے مسلم قبرستان کے لیے عطیہ دی گئی تھی ۔ درخواست گذار ڈسٹرکٹ سروے آفیسر رام ریڈیک نے اجلاس پر پیش ہوتے ہوئے رپورٹ پیش کی اور جوائنٹ سروے کرنے کے لیے سی ای او تلنگانہ وقف بورڈ اور تحصیلدار دھارور کو ہدایت دی گئی ۔ میتھاڈسٹ چرچ ان انڈیا کی جائیدادوں سے متعلق مبینہ بد انتظامی کے متعلق کیس میں میتھاڈسٹ ممبر اسوسی ایشن عنبر پیٹ کی جانب سے درخواست پیش کی گئی اور فریقین کے دلائل کی سماعت کی گئی اور 23 نومبر تک کیس سماعت روکدی گئی ۔ جنگاؤں ٹاون میں واقع 3 ایکڑ 27 گنٹے اراضی سے متعلق کیس میں درخواست محمد امجد علی سب رجسٹرار جنگاؤں اور راملو نائک تحصیلدار جنگاؤں شریک ہوئے اور کیس کی جزوی سماعت کی گئی ۔ حیات نگر منڈل کے موضع شہاب نگر کلاں میں واقع اراضی سے متعلق کیس میں بی شلیجہ تحصیلدار حیات نگر نے پیش ہوتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد کیس کو بند کردیا گیا ۔ بازار گھاٹ میں واقع موازی 40 مربع گز پر مشتمل مکان کے حصہ سے متعلق کیس میں درخواست گذار شیخ محمد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 1995 میں سید بشیر الدین سے مکان خریدا ۔ 2018 ء میں سید بشیر الدین کے قانونی ورثا بشمول 40 گز درخواست گذار کے مکان تمام جائیداد کو فروخت کردیا ۔ درخواست گذار کے فرزند نے مہلت طلب کی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے حکام سرکل نمبر 3 حیات نگر ، ایل بی نگر کی جانب سے تعمیراتی اجازت سے متعلق کیس میں جہاں تعمیری کام جاری ہے ۔ ماروتی نگر ویلفیر اسوسی ایشن کی شکایت پر اجازت منسوخ کردی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر ماروتی دیواکر اور اسسٹنٹ سٹی پلانر جی ایچ ایم سی ایل بی نگر سرکل موجود تھے ۔ صدر نشین کمیشن کی صدارت میں مجوزہ مقامات کا دورہ کیا جائے گا اور رپورٹ کے انتظار میں کیس کو ملتوی کردیا گیا ۔ ضلع جگتیال میں وقف اراضی پر بعض غیر قانونی قبضوں سے متعلق کیس میں وقف انسپکٹر کریم نگر خواجہ نجم الدین اور سدھی چرن آر آئی دھرما پوری موجود تھے ۔ کمیشن نے سی ای او وقف بورڈ کو آئندہ سماعت میں ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی ۔ محترمہ ام سلمہ نے کمیشن سے رجوع ہوتے ہوئے شکایت کی کہ وہ عربی مدرسہ چلانے والے شیخ محبوب عالم کی مطلقہ ہیں ان کے شوہر ان کا اور ان کے دو دختران کا پاسپورٹ ، راشن کارڈ ، آدھار کارڈ اپنی تحویل میں رکھ لیا ہے جو اسے واپس دلایا جائے ۔ کمیشن نے ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون کو اس سلسلہ میں تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت دی ۔ معین آباد منڈل کے پدامنگلارم میں 1000 مربع گز اراضی درخواست خواجہ حفیظ الدین کی جانب سے 2014 میں خریدنے سے متعلق کیس میں سب انسپکٹر پولیس معین آباد کمیشن کے اجلاس پر پیش ہوئے معاملہ کی جزوی سماعت کی گئی ۔ کونڈا پور میں سروے نمبر 144 کے تحت خریدی گئی 366.66 مربع گز زمین 1990 میں بی بی جان زوجہ درخواست گذار ایس کے بخشو کے متعلق کیس میں شکایت کنندہ نے بتایا کہ پلاٹ پر بعض نامعلوم افراد قبضہ جمائے ہوئے ہیں مالک جائیداد کو وہاں آنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔ ڈپٹی تحصیلدار سری لنگم پیلی سلیم نے اس معاملہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت طلب کی ہے ۔ کونڈا پور میں سروے نمبر 144 کے تحت خریدی گئی 366.66 مربع گز زمین 1990 میں محترمہ نور النساء زوجہ درخواست گزار سید یونس کے متعلق کیس میں شکایت کنندہ نے بتایا کہ پلاٹ پر بعض نامعلوم افراد قبضہ جمائے ہوئے ہیں مالک جائیداد کو وہاں آنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔ ڈپٹی تحصیلدار سری لنگم پیلی سیلم نے اس معاملہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت طلب کی ہے ۔ اجلاس میں نائب صدر نشین بی شنکر لو کے رکن ٹی ایس ایم سی ، ایم اے عظیم ، ایم اے باسط ریٹائرڈ جج ، فاروق علی خان ، پی سائی ، ایم اے قدیر صدیقی اور ایم اے رفیق مشیران نے شرکت کی ۔۔