حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے 15اضلاع میں آئندہ 3یوم کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی ہے۔ 15اضلاع میں جہاں موسلادھار بارشوں کے امکانات ہیں ان مقامات پر بارش کے باوجود درجہ حرارت میں کسی طرح کی کمی کے امکانات نہیں ہیں اور درجہ حرارت میں 2تا3ڈگری سیلسیس کا اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ جن اضلاع میں بارش کے امکانات کے سلسلہ میں الرٹ جاری کیاگیاہے ان اضلاع کی تفصیلی صورتحال کے سلسلہ میں کہا جا رہا ہے کہ ان مقامات پر 50تا60کیلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے اور اس آندھی کے نتیجہ میں درختوں کے گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ملوگو‘ کتہ گوڑم‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ‘ میں تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ رنگاریڈی یدادری بھونگیری‘ جنگاؤں ‘سدی پیٹ ‘ ہنمکنڈہ ‘ ورنگل‘ وقار آباد‘ میڑ چل ملکا جگری ‘ محبوب نگر ‘ ناگر کرنول ‘ نارائن پیٹ‘ جوگولامبا گدوال کے علاوہ شہر حیدرآباد اور نواحی و مضافاتی علاقوں کے بھی بارش کا الرٹ جاری کیاگیا ہے۔3
اور اس الرٹ میں کہاگیا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مسلسل یا وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اور اگر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو ایسی صورت میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات نے جو انتباہ جاری کیا ہے اس کے متعلق مذکورہ اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں تیار فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کو ہونے والے امکانی نقصانات کے پیش نظر ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ کے پیش نظر مذکورہ اضلاع میں چوکسی اختیار کریں اور کسی بھی طرح کے نقصانات میں کمی لانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ غیر موسمی بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات کو کم کیا جاسکے۔3