تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول بالانگر گرلز (I) میں داخلے

   

31 مارچ ادخال درخواست کی آخری تاریخ، پرنسپل پی ونیلا کی اولیائے طالبات سے اپیل

حیدرآباد ۔ 9 مارچ (پریس نوٹ) پرنسپل اقلیتی اقامتی گرلز اسکول بالا نگر گرلز (I) شریمتی پی ونیلا کے بموجب اسکول ہذا میں تعلیمی سال 2019-20ء کیلئے جماعت پنجم تا نہم برائے انگریزی میڈیم میں داخلوں کا آغاز ہوا ہے۔ داخلوں کیلئے درخواست فارم آن لائن داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2019ء مقرر ہے۔ بالانگر گرلز I اسکول مائناریٹی ریسیڈنشیل اسکول ایک معیاری انگلش میڈیم اسکول ہے جہاں طالبات کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ قیام و طعام کی مفت سہولت ہے۔ خوشگوار ماحول بہترین محل وقوع طالبات کیلئے بہترین تعلیمی ادارے کے طور پر نمایاں ریکارڈ رکھتا ہے۔ پرنسپل نے بتایا کہ اسکول میں تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ بچوں کو بہترین تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں جبکہ طالبات کو تمام تر بنیادی سہولتوں کا مؤثر انتظام ہے۔ لڑکیوں کی دیکھ بھال کیلئے سخت ترین سیکوریٹی کا انتظام ہے اور صحت کی بہتر دیکھ بھال کیلئے نرس کے ساتھ ادویات کی بھی سہولت دستیاب ہے۔ اسی طرح سماجی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے طالبات کو ان کے مذہب کے مطابق نماز، عبادت، مذہبی امور کی انجام دہی اور مذہبی کتابوں کا مطالعہ کروایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے مذہب کے مطابق سماجی زندگی گذارنے کے قابل بن سکے۔ طلبہ کو ہاسٹل میں قیام کے دوران ہمہ اقسام کے تغذیہ بخش غذائیں فراہم کی جاتی ہیں جس میں خاص طور پر وٹامن سے تعلق رکھنے والے اجناس گوشت، چکن، سبزی، انڈے، موسمی میوے، مشروبات، دودھ، دہی، گھی اور اسی طرح دیگر تغذیہ بخش غذائیں دی جاتی ہیں۔ ناشتہ، لنچ، ڈنر کا بہترین انتظام ہے۔ خوشگوار ماحول میں بچوں کو تجربہ کار وارڈن کی نگرانی میں ادب اور سلیقہ کے ساتھ کھانا کھلایا جاتا ہے۔ بچوں کے ساتھ ٹیچرز بھی رات میں اسکول میں قیام کرتے ہیں تاکہ انہیں گھر کی یاد نہ آئے۔ اس طرح مجموعی طور پر اقلیتی اقامتی اسکول میں داخلہ لینے والے طالبات کو اعلیٰ تعلیم یافتہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ حکومت کی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکول میں داخلے کیلئے طالبات کو امتحان دینا ہوگا جس میں کامیاب ہونے کے بعد ہی داخلہ دیا جائے گا۔ پانچویں جماعت میں داخلہ اہلیتی امتحان 20 اپریل کو منعقد ہوگا جبکہ چھٹویں، ساتویں، آٹھویں اور نویں جماعت کیلئے 22 اپریل کو امتحان منعقد کیا جائے گا۔ اس امتحان کے نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔ آن لائن درخواست ویب سائیٹ tmreis.telangana.gov.in پر داخل کریں۔ مزید معلومات کیلئے فون نمبرات 040-29709633 یا 9985341648 پر ربط کریں۔ اسکول پرنسپل نے بتایا کہ مائناریٹی ریزیڈنشیل سوسائٹی کے تحت قائم اس ادارے کی راست نگرانی سوسائٹی کرتی ہے اور وقتاً فوقتاً سوسائٹی کے عہدیداران اسکول کا جائزہ لیتے ہوئے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیچرس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔ جناب شفیع اللہ سکریٹری سوسائٹی نے اس اسکول کو ایک بہترین تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اس طرح یہ ادارہ مجموعی طور پر ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے آخر میں اولیائے طلباء اور طالبات سے خواہش کی ہیکہ وہ اس طرح کے ایک بہترین ادارے میں داخلہ لیکر اپنے بچوں کے مستقبل کو تابناک بنائیں۔ بالا نگر میں داخلوں کیلئے نشستیں مخلوعہ ہیں۔