مساجد کمیٹیوں سے نمائندگیوں کی وصولی، صدرنشین محمد قمرالدین کا بیان
حیدرآباد۔24۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین اور کمیشن کے ارکان نے بھوپال پلی ضلع کا دورہ کیا اور عہدیداروں کے ساتھ اقلیتوں کے مسائل پر بات چیت کی ۔ کمیشن نے کالیشورم پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے اس تاریخی پراجکٹ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا اور چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی ۔ ریونیو ڈیویژنل آفیسر ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ صدرنشین نے مسجد کمیٹی پالمیلا منڈل سے نمائندگی حاصل کی جس میں جامع مسجد کی چھت کی تعمیر اور کمپاؤنڈ وال کیلئے 8 لاکھ روپئے کی منظوری کی درخواست کی گئی۔ جامع مسجد کالیشورم کے صدر نے قدیم اورنگ زیب مسجد کی تعمیر و مرمت کیلئے 15 لاکھ روپئے منظور کرنے کی درخواست کی۔ مسجد کے وضو خانہ اور عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کے علاوہ کالیشورم میں شادی خانہ تعمیر کیا جاسکتا ہے ۔ جامع مسجد مادھو پور کے صدر نے جامع مسجد ، مدینہ مسجد ، کلیمہ مسجد کی تعمیر اور عیدگاہ و قبرستان کی کمپاؤنڈ وال کیلئے 32 لاکھ روپئے کی درخواست کی۔ صدر مدینہ مسجد نے امام اور مؤذن کیلئے ڈبل بیڈروم مکان الاٹ کرنے کی خواہش کی ۔ مینجنگ کمیٹی جامع مسجد عباسیہ بھوپال پلی نے شادی خانہ اور اردو میڈیم اسکول کی عمارت کی تعمیر کیلئے اقدامات کرنے نمائندگی کی۔ جئے شنکر ڈسٹرکٹ پاسٹرس فیلو شپ سیوا سوسائٹی نے چرچ کیلئے فنڈس مختص کرنے کی اپیل کی۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے سلسلہ میں آر ڈی او نے بتایا کہ 83 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور 36 درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی۔ باقی درخواستیں یکسوئی کے مختلف مراحل میں ہیں۔ صدرنشین اور ارکان نے میڈی گڈہ لکشمی پمپ ہاؤز اور کالیشورم پراجکٹ کا معائنہ کیا۔ پراجکٹ کی تعمیر کیلئے استعمال کی گئی ٹکنالوجی کی ستائش کی گئی ۔ یہ پراجکٹ ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پراجکٹ ہے جس کے ذریعہ لاکھوں ایکر زرعی اراضی کو سیراب کیا جاسکتا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ پراجکٹ کی تکمیل سے کسانوں میں خوشحالی لوٹ آئے گی۔ کمیشن اور ارکان نے اس پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی ستائش کی۔