امتحان گاہ کے بجائے داخلی جانچ یا گھر بیٹھے آن لائن امتحان لئے جائیں۔ ایس آئی او تلنگانہ
حیدرآباد :۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) حلقہ تلنگانہ نے سید عمر جلیل، سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ تلنگانہ کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ حکومت کورونا کی بڑھتی ہوئی شدت اور طلبہ کی جانوں کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست کے انٹر سال دوم کے امتحانات کو منسوخ کریں۔ ایس آئی او نے اس سلسلہ میں امتحانات کے متبادل راستوں کو تلاش کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایس آئی اونے مطالبہ کیا کہ حکومت آن لائن طرز پر امتحان لیتے ہوئے توجیحی و ذہنی مشق کے سوالات کو ممکن بنائے۔ ایس آئی او کا یہ احساس ہے کہ یہ ضروری ہے کہ کسی بھی حال میں پرچے امتحانی مرکز پر نہ ہونے دیے جائیں۔ احتیاطی تدابیر کے باوجود بھی طلبہ کا اتنا بڑا مجموعہ، اساتذہ اور دیگر عملہ کی موجودگی نہ صرف ان کیلئے بلکہ تمام شہریوں کی صحت اور تحفظ کیلئے نقصاندہ ہے۔