حیدرآباد۔2؍جنوری ( یواین آئی ) مہاراشٹرا اور تلنگانہ کی سرحدوں پر دہشت پھیلانے والے شیر کو مہاراشٹر کے چندر پور ضلع کے اتھمارم گوڑا گاؤں میں پکڑا گیا۔اس نرشیر کو پنجرہ میں پکڑنے کے بعد بے ہوشی کا انجکشن دیاگیا۔بعد ازاں شیر کو چندر پور زو میں منتقل کر دیا گیا۔ اسے جلد ہی ادویات فراہم کرنے کے بعد چندر پور ضلع کے تاڈوبا آندھاری ٹائیگر ریزرو میں چھوڑا جائے گا۔شیر کو پکڑنے ایک ہفتے سے جاری آپریشن کامیابی سے ختم ہوا، جس سے مقامی افرادکو راحت ملی۔ شیر کی نقل و حرکت سے نہ صرف چندر پور ضلع کے راجورا تعلقہ کے کئی مواضعات بلکہ تلنگانہ کے آصف آباد ضلع کے سرپور (ٹی) منڈل کے افرادبھی خوفزدہ تھے ۔ تلنگانہ کے محکمہ جنگلات کے حکام نے شیر پکڑے جانے کی تصدیق نہیں کی ہے ۔سردیوں کے موسم میں یہ شیر اکثرمہاراشٹرا کے سرحدی مقامات سے اپنے علاقہ کی تلاش میں تلنگانہ آصف آباد کے جنگلات میں آتے ہیں۔ تاہم ان میں سے بعض کھیتوں میں انسانوں پر حملہ کرتے ہیں اور دیہی حصوں میں دہشت پھیلاتے ہیں۔