کرشنا واٹر ڈسپیوٹ ٹریبونل کی تشکیل جدید پر مرکز کا غور
حیدرآباد: مرکزی حکومت نے کرشنا واٹر ڈسپیوٹ ٹریبونل II کی تشکیل جدید یا ٹریبونل کیلئے نئے قواعد مدون کرنے کے مسئلہ پر قانونی رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے وزارت آبی وسائل کے ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان آبی تنازعہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں ٹریبونل کی تشکیل جدید حکومت کے زیر غور ہے۔ تلنگانہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمہ سے دستبرداری کے بعد مرکزی حکومت ٹریبونل سے متعلق فیصلہ کرے گی ۔ گوداوری واٹر مینجمنٹ بورڈ اور کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کے حدود کارکردگی متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ٹریبونلس کے حدود تعین کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ آبی وسائل کے سکریٹری رجت کمار نے بتایا کہ حکومت اپیکس کمیٹی کی روداد کا جائزہ لے رہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے جن مسائل کو پیش کیا تھا، انہیں روداد میں شامل کیا گیا۔ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس نے شرکت کی تھی اور ایک دوسرے کے آبپاشی پراجکٹس پر اعتراضات کئے گئے ۔