عہدیداروں کیلئے ٹریننگ کلاسس ، گائیڈ لائینس پر عمل کرنے سدرشن ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔20 ۔ فروری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 23 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل آفیسر کو اپریل میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے سکریٹری نے جن ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسر کو تیاریوں کے سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا ، ان میں تلنگانہ ، آندھراپردیش ، اروناچل پردیش ، ہماچل پردیش ، ہریانہ ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، منی پور ، میگھالیہ ، میزورم ، ناگالینڈ ، دہلی پنجاب ، سکم ، تریپورہ اور اتراکھنڈ شامل ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ 12 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں SIR مہم جاری ہے۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے SIR مہم کی تیاریوں کے تحت الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کیلئے ٹریننگ کلاسس کا آغاز کیا۔ ملکاجگری ، سنگا ریڈی ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کیلئے ٹریننگ اہتمام کیا گیا ۔ ٹریننگ کلاسس میں 50 رجسٹریشن آفیسرس نے شرکت کی۔ سدرشن ریڈی نے ایس آئی آر مہم کی تیاریوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مہم کے دوران عمل کی جانے والی گائیڈ لائینس سے عہدیداروں کو واقف کرایا گیا۔ ٹریننگ کلاسس کا مقصد شفافیت اور کسی خامی کے بغیر فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینا ہے۔ سدرشن ریڈی نے کہا اکہ ناموں کی شمولیت اور اخراج کیلئے الیکشن کمیشن نے جو رہنمایانہ خطوط طئے کئے ہیں، ان پر موثر انداز میں عمل کیا جائے گا۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ ایس آئی آر مہم میں الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ قانون کے مطابق تمام ضروری امور کی تکمیل کرتے ہوئے اہل افراد کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کریں۔ عہدیداروں کو اس مہم کے دوران درپیش ہونے والے چیلنجس سے واقف کرایا گیا۔ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا مقصد ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے ہے۔1