حیدرآباد 25دسمبر(یواین آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کرسمس کی تقاریب روایتی مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئیں۔اس موقع پر کل رات خصوصی دعائیہ اجتماعات بھی ہوئے جس کا سلسلہ آج بھی جاری رہا ۔ عیسائی براداری سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکبا د پیش کی۔کرسمس ٹری کو بھی بڑے پیمانہ پر مختلف مقامات پرسجایا گیا۔گرجا گھروں میں لوگوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ شہر حیدرآباد کے چیاپل روڈ پر واقع متھوڈسٹ چرچ کرسمس عوام کی توجہ کا مرکز بنارہا۔ساتھ ہی سینٹنری متھوڈسٹ چرچ میں کرسمس ٹری بھی لگایا گیا ہے ۔ اس کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے ۔ہر سال کرسمس کے موقع پر ان گرجا گھروں کو بڑے پیمانہ پرسجایاجاتا ہے ۔متھوڈسٹ چرچ میں کرسمس کے موقع پر تقریبا 5000افراد شرکت کرتے ہیں۔یہ متھوڈسٹ چرچ تقریبا140سال قدیم ہے ۔ کرسمس تہوار کے پیش نظر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔ساتھ ہی تلنگانہ کے ضلع میدک کے قدیم چرچ میں تقریبا دو لاکھ افراد نے شرکت کی۔ میدک چرچ تاریخی اہمیت کا حامل اور ایشیاء کا دوسرا بڑا گرجا گھر ہے جہاں بیرونی سیاح کی بھی کافی تعداد میں آمد ہوتی ہے ۔میدک چرچ 1925 میں تعمیر ہوا تھا۔10 سال اس چرچ کی تعمیر میں لگے ۔ یہاں عظیم الشا ن پیمانے پر کرسمس منایاگیا۔ میدک چرچ دکن کے نظام کی اجازت سے حیدرآباد سے 100 کیلو میٹر دورمیدک میں تعمیر کیا گیا تھا۔ تلنگانہ بھر کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں کے عیسائیوں کا بڑا اجتماع یہاں دیکھا گیا۔ اس موقع پر خصوصی عبادات کی گئیں۔ چرچ اور اس کے اطراف جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ چرچ کے اندر کے تمام کمروں کے علاوہ میدک ٹاؤن کی تمام لاجس اور ہوٹلیں لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔ اس موقع پر چرچ کو رنگا رنگ روشنی سے سجایا گیا تھا۔ چرچ کو جانے والی سڑکوں کو بھی روشن کیا گیا تھا۔