شہر کی ہوٹل میں طبی تشخیص ، ممبئی و دہلی سے راست پروازیں ، امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد جوئیل ریفمین کا بیان
حیدرآباد۔13اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں موجود امریکی شہریوں کی ملک واپسی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے ۔ امریکی قونصل خانہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلہ کے دوران ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے علاوہ اڈیشہ سے 450 امریکی شہریوں کو اٹلانٹا براہ ممبئی روانہ کیا جا چکا ہے اور شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جملہ 5 پروازوں کے ذریعہ ان امریکی شہریوں کو ممبئی روانہ کیا گیا جہاں سے انہیں اٹلانٹا پہنچایاجائے گا اور وہ اٹلانٹا سے اپنے اپنے مقامات کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ پہلے مرحلہ کے دوران جن امریکی شہریوں کو روانہ کیا گیا ہے ان میں 4زمروں میں شہریوں کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ ان زمروں میں خالص امریکی شہری ‘ ہندستانی امریکی شہری ‘ گرین کارڈ ہولڈر جن کے بچے امریکی شہری ہیں اور H1B ویزار ہولڈر جن کے بچے امریکہ میں پید ا ہوئے ہیں ان کو ترجیحی بنیادو پر امریکہ منتقل کیا گیا ۔ امریکہ کے لئے روانہ ہونے والے ان مسافرین کی مکمل جانچ ‘ بشمول طبی جانچ ہوٹل پارک حیات میں انجام دی گئی جہاں سے ایک ہی بس میں ان تمام کو ائیر پورٹ لیجایا گیا ۔ قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد مسٹر جوئیل ریفمین کی راست نگرانی میں امریکی قونصل خانہ کے عملہ نے شب و روز محنت کرتے ہوئے اپنے شہریوں کی روانگی کا انتظام کیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ وہ اپنے ملک واپس ہوجائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جن 450 امریکی شہریوں کی روانگی عمل میں لائی گئی ہے ان میں بیشتر شہری لاک ڈاؤن کے وجہ سے پھنسے ہوئے تھے اور وہ واپس جانے کے خواہشمند تھے اسی لئے انہیں روانہ کیا گیا ہے اور اب بھی کئی امریکی شہری حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش میں موجود ہیں جنہیں یہاں رہنے میں کوئی عار نہیں ہے ۔ وجئے واڑہ سے بھی امریکی شہریوں کو بذریعہ بس حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے انہیں ممبئی کے لئے روانہ کیا گیا اور ان کو بھی اس مدت کے دوران ہوٹل پارک حیات میں رکھا گیا اور ہوٹل میں ہی ان کی مکمل طبی جانچ وغیرہ کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ شہر حیدرآباد سے امریکی شہریوں کی روانگی کے اقدامات کے سلسلہ میں امریکی قونصل خانہ کی جانب سے مسلسل 10 یوم سے اقدامات کا سلسلہ جاری تھا اور ممبئی اور دہلی سے امریکہ کے لئے خصوصی پروازیں چلائی گئیں جہاں سے ملک بھر میں پھنسے ہوئے امریکی شہریوں کو روانہ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک بھر سے پہلے مرحلہ میں 2500 سے زائد امریکی شہریوں کی امریکہ روانگی عمل میں آئی ہے اور دہلی اور ممبئی سے راست پروازوں کے ذریعہ ان کی منتقلی کو یقینی بنایا گیا ہے۔