گورنر نے دونوں ریاستوں کے چیف جسٹس کو حلف دلایا
حیدرآبادیکم جنوری ( سیاست نیوز ) آج سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں علحٰدہ ہائی کورٹس نے کام کا آغاز کردیا ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس کے طورپر جسٹس ٹی بی رادھاکرشنن اور دیگر ججس نے راج بھون کے سبزہ زار میں منعقدہ ایک سادہ اور مختصر تقریب میں حلف لیا۔دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ان کو حلف دلایا۔اس موقع پر تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو،تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس اور سینئر بیوروکریٹس بھی موجود تھے ۔ٹی بی رادھاکرشنن قبل ازیں دونوں ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے مشترکہ حیدرآبادہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے ۔ان کا تعلق کیرل سے ہے ۔59سالہ رادھاکرشنن نے کرناٹک میں اپنی قانون کی تعلیم مکمل کی اور تروننتاپورم میں بارکونسل میں وکیل کے طورپر اپنا اندراج کروایا۔بعد ازاں انہوں نے ایرناکلم میں وکیل کے طورپر اپنی خدمات جاری رکھیں۔2004میں انہیں کیرل ہائی کورٹ کا جج مقر کیا گیااور بعد ازاں ان کو 18مارچ2017کو چھتیس گڑھ کے چیف جسٹس کے طور پر ترقی دی گئی ۔ دوسری طرف گورنر نرسمہن نے آندھراپردیش کے پہلے چیف جسٹس کے طورپر جسٹس پراوین کمار کو بھی حلف دلایا۔اس خصوص میں آندھراپردیش کے وجئے واڑہ کے اندراگاندھی اسٹیڈیم میں تقریب حلف برداری منعقد کی گئی جس میں جسٹس کمار اور دیگر ججس نے حلف لیا۔اس تقریب میں اے پی کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈواوردیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔اے پی کے نئے دارلحکومت امراوتی میں اے پی ہائی کورٹ کی عصری عمارت کی تعمیر جاری ہے تاہم تب تک اے پی ہائی کورٹ وزیراعلی کے کیمپ آفس میں کچھ عرصہ کیلئے کام کرے گا۔اس عمارت میں 9کمرہ عدالتیں ہیں۔