تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام بخیریت مزدلفہ روانہ

   

عرفات میں عالم اسلام اور ملک کیلئے خصوصی دعائیں،ہندوستانی حجاج کیلئے بہتر انتظامات: ڈاکٹر اوصاف سعید
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وقوف عرفات کے ساتھ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے 8,300 عازمین حج نے فریضہ حج کی تکمیل کرلی اور صحت و عافیت کے ساتھ مزدلفہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ عرفات میں فجر، ظہر اور عصر کی نمازوں کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام نے اپنے خیموں میں اجتماعی اور انفرادی طور پر رقت انگیز دعائیں کیں ۔ عالم اسلام کی خوشحالی ، امن و امان اور ہندوستان میں مسلمانوں کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر کی نماز مشترکہ طور پر ادا کی گئی جس میں اقطاع عالم سے تعلق رکھنے والے لاکھوں حجاج کرام نے شرکت کی۔ انڈین حج مشن کے عہدیداروں کے مطابق ہندوستان کے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور انہوں نے حکومت سعودی عرب کے غیر معمولی انتظامات کے دوران فریضہ حج کی تکمیل کرلی ہے۔ وقوف عرفات دراصل حج کی تکمیل ہے لیکن حجاج کرام کل صبح جمرات میں بڑے شیطان کو کنکر مارنے کے بعد حلق کرائیں گے جس کے بعد وہ احرام کی پابندیوں سے نکل جائیں گے۔ سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید اور کونسل جنرل جدہ نورالرحمن شیخ دیگر عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ کل رات عرفات کو منتقلی کا عمل شروع ہوا۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے ایک لاکھ 39 ہزار 987 حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائیگی نصیب ہوئی۔ حکام نے ہندوستانی حجاج کو 34 معلمین میں تقسیم کردیا ہے۔ منیٰ اور عرفات میں معلم کی جانب سے کھانا سربراہ کیا گیا۔ سفیر ہند اوصاف سعید کے مطابق 26 تا43 مکتب کے حجاج کے لئے ٹرین اور باقی کیلئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے تقریباً 77000 حجاج ٹرین سے سفر کررہے ہیں۔ انہیں ٹرین کا ٹکٹ حوالے کیا گیا جو براسلیٹ کی شکل میں ہے۔ منیٰ میں انڈین حج مشن کا کنٹرول روم قائم کیا گیا اور والینٹرس کے علاوہ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیمیں حجاج کی خدمت میں مصروف ہیں۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے تلنگانہ ، آندھرا پردیش، کرناٹک، ٹاملناڈو اور مہاراشٹرا کے عازمین حج کو متعلقہ ریاستوں کے حجاج کرام کی جانب سے رہنمائی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے خادم الحجاج نے ’ سیاست‘ کو اطلاع دی کہ وقوف عرفات کے بعد اطمینان بخش طریقہ سے حجاج کو مزدلفہ منتقل کیا گیا جہاں وہ رات میں قیام کریں گے اور نماز فجر کے بعد جمرات پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکر مارنے کے بعد حلق کرائیں گے۔ حجاج کرام کے قافلوں میں موجود علمائے کرام کیمپ میں وقفہ وقفہ سے مناسک حج اور دیگر اُمور پر خطاب کررہے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کی خیریت کے بارے میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں، ایکزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں خادم الحجاج سے ربط میں ہیں۔ بی شفیع اللہ اور اے کے خاں نے مناسک حج کی خشوع و خضوع کے ساتھ ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کے دفتر حج ہاوز میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے حجاج کے رشتہ داروں کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔