تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مابین زیر التواء غیر منقسم مسائل پر بات چیت متوقع

   

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا آج دورہ وجئے واڑہ ، چیف منسٹر اے پی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مابین زیر التواء غیر منقسم مسائل کا حل ڈھونڈ نکالنے کے لیے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کے ساتھ پھر ایک مرتبہ باہمی بات چیت کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے ۔ 21 جون کو کالیشورم پراجکٹ کے لفٹ اریگیشن اسکیم کی منعقد کی جانیو الی افتتاحی تقریب کے لیے کے سی آر چیف منسٹر تلنگانہ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو شرکت کرنے کے لیے مدعو کرنے کے مقصد سے 17 جون کو وجئے واڑہ کے دورہ پر روانہ ہوں گے ۔ یہاں دونوں چیف منسٹروں کی ملاقات کے دوران متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد پائے جانے والے معمولی نوعیت کے تنازعات کی یکسوئی کے لیے دوبارہ پھر ایک مرتبہ بات چیت کرنے کی امید ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ دونوں چیف منسٹروں کی ملاقات کے دوران مختلف محکمہ جات کو درپیش تقسیم کے تنازعات کی موجودہ صورتحال پر مشتمل تفصیلی رپورٹس مرتب کرنے کی ہدایات پر رپورٹس تیار کی جارہی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم عمل میں آئے ہوئے پانچ سال مکمل ہونے کے باوجود آج بھی بعض اہم مسائل کے تنازعات برقرار ہیں ۔ گذشتہ پانچ سال کے دوران بعض اہم موضوعات کے سلسلہ میں ایکدوسرے کے مابین سخت اختلاف رائے پائی گئی تھی لیکن اب دونوں ریاستوں کے مابین تعلقات میں بہتری پیدا ہوئی ہے اور تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مابین خوشگوار تعلقات کو بحال کرنے کے لیے دونوں چیف منسٹروں مسرس وائی ایس جگن موہن ریڈی اور کے چندر شیکھر راؤ نے اب تک دو مرتبہ مختلف مسائل پر بات چیت کر کے مسائل کی یکسوئی کے لیے پہل کی اور کشیدہ حالات کو خوشگوار حالات میں تبدیل کر کے مسائل کی یکسوئی کیلئے دونوں ہی چیف منسٹرس کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔۔