تنزانیہ کے وزیر مدرک رمضانی کی سکریٹریٹ میں ریاستی وزیر آئی ٹی سریدھر بابو سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تنزانیہ کے ساتھ ٹکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے اسٹراٹیجک شراکت داری کو منظوری دے ری ہے۔ ریاستی وزیرآئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے تنزانیہ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے آئی ٹی، سیاحت، صحت عامہ اور لائف سائنس کے شعبوں میں مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران دونوں فریقین نے ڈیجیٹل گورننس اور اسٹارٹ اپ انوویشن ایکو سسٹم کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ تلنگانہ حکومت تنزانیہ کو ڈیجیٹل معیشت کے قیام میں تکنیکی تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس میں تنزانیہ میں فارما ڈسٹری بیوشن ہب کے قیام کے امکانات کا مطالعہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے می سیوا ماڈل کے ذریعہ عوامی خدمات کی فراہمی کے تجربات بھی تنزانیہ کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔ خواتین کارباریوں کی حوصلہ افزائی کیلئے We Hub کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور اسکلنگ، ری اسکلنگ اور اپ اسکلنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ تنزانیہ کے وزیر مدرک رمضانی نے اعلان کیا کہ جلد ہی تلنگانہ کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت (Mou) پر دستخط کئے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تنزانیہ میں بلیو اکانومی اور سیاحت کے شعبوں میں اپنائے گئے بہترین طریقوں کا مطالعہ کیا جائے گا اور ان تجربات کو تلنگانہ میں نافذ کرنے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ تنزانیہ کے وزیر مدرک رمضانی نے کہا کہ تنزانیہ کے ڈیجیٹل معیشت بننے کے ہدف کے حصول کیلئے تلنگانہ جیسی ترقی پسند ریاستوں کے ساتھ اسٹراٹیجک شراکت داری نہایت اہم ہے۔ اجلاس میں تنزانیہ کی وزارت مواصلات، آئی ٹی اور اختراع کی پرنسپل سکریٹری فاطمہ مبروک خامس، انجبار آئی سی ٹی اتھاریٹی کے سی ای او شکور عواد سلیمان کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔2