تلنگانہ اور نیو جرسی کے درمیان معاشی ترقی میں تعاون کیلئے معاہدہ

,

   

ہندوستانی نژاد کملا ہیرش امریکی صدارتی مقابلہ کیلئے اہل امیدوار،گورنر نیو جرسی فل مرفی کابیان

حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ نے امریکی ریاست نیو جرسی کے ساتھ معاشی شعبوں میں ترقی کیلئے تعاون کرنے اور دیگر شعبوں میں باہمی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ سسٹر اسٹیٹ پارٹنر شپ کے تحت کئے گئے اس معاہدہ پر چیف سکریٹری ایس کے جوشی اور نیوجرسی کے گورنر فل مرفی نے دستخط کئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ بھی موجود تھے۔ معاہدوں پر دستخط کے بعد کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ اس معاہدہ سے معاشی شعبوں میں تعاون کی سہولت پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، فارما اور لائف سائنس، بائیوٹیک، فن ٹیک، میڈیا، ڈاٹا سنٹرس، کلین انرجی، ہائیر ایجوکیشن، ٹوریزم ، کلچر اور ہیلت کیئر کے شعبوں میں حکومت تلنگانہ اور امریکی ریاست نیو جرسی کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ گورنر نیو جرسی فل مرفی نے کہا کہ اس معاہدہ سے دونوں ریاستوں کے درمیان تعلیم، تجارت اور کامرس میں ایک دوسرے کا تعاون حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کل سے تلنگانہ میں موجود ہے اور مختلف تجارتی اورصنعتی اداروں سے بات چیت کی گئی ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیام میں مرفی نے یہ بھی اعلان کیا کہ نیو جرسی اور تلگو فلم انڈسٹری کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیو جرسی میں ہندوستانی برادری کا اہم رول پایا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستانی نژاد امریکی سنیٹر کملا ہیرش کی بھی ستائش کی اور کہا کہ وہ ایک غیر معمولی لیڈر ہیں۔ 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں امریکی صدر کے عہدہ کیلئے انتخابی مقابلہ کرنے کیلئے نہایت ہی موزوں اور اہل امیدوار ہیں۔ امریکی صدارتی انتخاب کیلئے بلا شبہ اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی میں 12 تا15 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ ان میں سے کئی نہایت اہل اور قابل امیدوار ہیں لیکن کملا ہیرش ان میں سے سب سے زیادہ موزوں امیدوارہ ثابت ہوں گی۔ میں اپنی ریاست کے ساتھ ہوں میرے پسندیدہ سنیٹر کوری بوکر ہیں تاہم میں کملا ہیرش کی قائدانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں۔ اخباری نمائندوں کے سوال پر کہ امریکی صدارتی انتخابات میں کملا ہیرش کے امیدوار ہونے پر آپ کی رائے کیا ہے اس پر انہوں نے کہا کہ کملا ہیرش امریکی سنیٹر ہیں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ 54 سالہ کملا ہیرش نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف 2020 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے مہم شروع کردی ہے۔ ایک اور سوال پر کہ آیا ہندوستانی نژاد سنیٹر کے امریکی صدر بننے کا امکان قوی ہے ، نیوجرسی کے گورنر نے کہا کہ امریکہ میں کوئی بھی چیز ممکن ہے۔