تلنگانہ آر ٹی سی کو مرکز کی منظوری نہیں: نتن گڈکری

   

حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے واضح کردیا کہ تلنگانہ آر ٹی سی کی تشکیل کو مرکز کی قانونی منظوری حاصل نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں نتن گڈکری نے تلنگانہ حکومت کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش آر ٹی سی کی تقسیم مکمل نہیں ہوئی ہے لہٰذا تلنگانہ آر ٹی سی کے قیام کو مرکز کی منظوری حاصل نہیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ آر ٹی سی ہڑتال کا حل تلاش کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ نتن گڈکری نے تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ میں مرکز کے وکیل نے وضاحت کردی کہ آندھراپردیش آر ٹی سی کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے۔ لہٰذا تلنگانہ حکومت کو علیحدہ آر ٹی سی کے قیام کا اختیار حاصل نہیں۔ گزشتہ ایک ماہ سے جاری آر ٹی سی ہڑتال کے پیش نظر مرکز کا یہ موقف کے سی آر حکومت کے لیے الجھن کا باعث بن سکتا ہے جبکہ آر ٹی سی ملازمین نے مرکز کے موقف کو اپنی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔