لڑکیوں کو سبقت، 3007 اسکولوں کے صد فیصد نتائج ، 15 اسکولوں کا صفر نتیجہ، یکم اگست سے اڈوانسڈ سپلیمنٹری
حیدرآباد۔30۔ جون (سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات 2022 ء کے نتائج جاری کردیئے گئے جس میں 90 فیصد طلباء نے کامیابی حاصل کی۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج نتائج جاری کئے جس میں لڑکوں پر لڑکیوں نے سبقت حاصل کرلی۔ امتحانات میں 503579 طلبہ نے شرکت کی اور 453201 امیدوار کامیاب رہے جو مجموعی طور پر 90 فیصد ہیں۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ انٹر کی طرح ایس ایس سی میں بھی طالبات کا مظاہرہ بہتر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 248146 لڑکیوں نے امتحان میں شرکت کی اور 92.45 فیصد نے کامیابی حاصل کی جبکہ 255433 لڑکوں نے امتحان میں شرکت کی جبکہ 87.61 فیصد لڑکے کامیاب رہے۔ سدی پیٹ ضلع نتائج میں سرفہرست رہا جبکہ حیدرآباد انتہائی کم نتیجہ کے ساتھ آخری نمبر پر رہا ہے۔ نرمل کو دوسرا جبکہ سنگا ریڈی کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ ایس ایس سی امتحانات 23 مئی سے یکم جون تک ہوئے تھے۔ 11401 اسکولوں کے 503579 طلبہ نے شرکت کی ۔ 3007 اسکولوں کے نتائج صد فیصد رہے جبکہ 15 اسکول ایسے ہیں جن میں ایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوا اور نتیجہ صفر رہا۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ کورونا وباء کے پیش نظر اس مرتبہ طلبہ پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ خانگی امیدواروں کی تعداد 819 تھی جن میں 425 امیدوار کامیاب ہوئے جو 51.89 فیصد ہیں۔ ناکام امیدواروں اور کم نشانات والے امیدواروں کیلئے 15 دن تک ری کاونٹنگ اور ری ویریفکیشن کی سہولت رہیگی ۔ نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے ویب سائیٹ پر درخواست دے سکتے ہیں یا پھر ڈی ای او کے دفتر میں خصوصی کاؤنٹر پر درخواست دی جاسکتی ہے۔ ہر مضمون کیلئے 500 روپئے فیس مقرر کی گئی ہے جو ایس بی آئی ہیڈ آف اکاونٹ میں جمع کی جانی چاہئے ۔ درخواست فارم راست ڈی ای او آفس میں داخل کئے جاسکتے ہیں یا بذریعہ پوسٹ روانہ کئے جائیں۔ امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے ہر مضمون کے حق میں ایک ہزار روپئے فیس ادا کرنی ہوگی۔ درخواست فارم آن لائین یا ڈی ای او آفس میں دستیاب ہیں۔ درخواستوں پر ہیڈ ماسٹر کی دستخط لازمی رہے گی۔ ہال ٹکٹ کی کاپی منسلک کرکے اندرون 15 دن پوسٹ یا کوریئر سے یا شخصی طورپر داخل کئے جاسکتے ہیں۔ ری ویریفکیشن کیلئے درخواست داخل کرنے والوں کو ری کاؤنٹنگ کیلئے علحدہ درخواست کی ضرورت نہیں رہے گی۔ حکومت نے یکم اگست سے اڈوانسڈ سپلیمنٹری کا فیصلہ کیا ۔ 10 اگست تک امتحانات جاری رہیں گے اور صبح 9.30 بجے تا دوپہر 12.45 بجے امتحانات کے اوقات ہوں گے۔ ناکام امیدوار 18 جولائی تک متعلقہ اسکولوں میں فیس جمع کرسکتے ہیں۔ وزیر تعلیم نے سپلیمنٹری امتحانات کا شیڈول جاری کیا جس کے تحت یکم اگست کو فرسٹ لینگویج ، 2 اگست سکنڈ لینگویج ، 3 اگست تھرڈ لینگویج (انگلش) ، 4 اگست میاتھس ، 5 اگست جنرل سائنس (فزیکل سائنس ، بیالوجی) ، 6 اگست سوشیل اسٹڈیز ، 8 اگست او ایس ایس سی مین لینگویج پیپر 1 ، 10 اگست او ایس ایس سی مین لینگویج پیپر 2 کے امتحانات ہوں گے۔ر