تلنگانہ ایمسیٹ 2021 ء کے نتائج کی اجرائی

   

انجینئرنگ میں 82.08 فیصد ۔ اگریکلچر میڈیکل میں 92.48 فیصد طلبہ کوالیفائی
ٹولی چوکی حیدرآباد کے محمد عبدالمقیت کو انجینئرنگ میں ریاست بھر میں تیسرا رینک

حیدرآباد ۔ 25 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی نے آج تلنگانہ ایمسیٹ 2021 ء نتائج جاری کردیئے ۔ انجینئرنگ میں 82.07 فیصد طلبہ اور اگریکلچر میڈیکل میں 98.48 فیصد طلبہ کوالیفائی ہوئے ۔ انجینئرنگ میں ٹولی چوکی حیدرآباد کے محمد عبدالمقیت نے ریاست بھر میں تیسرا رینک حاصل کیا ۔ نتائج کی اجرائی کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ کورونا بحران کے دوران طلبہ کو بغیر کسی مسائل کے 9 مرحلوں میں ایمسیٹ امتحانات کا پرامن اور کامیاب طریقہ سے انعقاد کیا گیا ہے ۔ وزیرتعلیم نے کہاکہ گزشتہ تین سال کا جائزہ لیں تو اس سال 28 ہزار زیادہ طلبہ امتحانات میں شریک ہوئے انجینئرنگ کے امتحانات میں 1,47,991 طلبہ نے حصہ لیا جس میں 1,21,480 طلبہ کوالیفائی ہوئے جس کا تناسب 82.08 فیصد ہے ۔ اس کے علاوہ اگریکلچر فارمیسی اسٹریم کے امتحانات میں 79,008 طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا 73.070 طلبہ کوالیفائی ہوئے جس کا تناسب 92.48 فیصد ہے ۔ انجینئرنگ اسٹریم میں ضلع مغربی گوداوری آندھراپردیش کے ایس کارتکیا کو پہلا ، آندھراپردیش کے راجم ضلع کڑپہ کے ڈی وینکٹا نیش کو دوسرا ، ٹولی چوکی حیدرآباد کے محمد عبدالمقیت کو تیسرا ، پوچم پلی ضلع نلگنڈہ کے آر سنتوش ریڈی کو چوتھا ، کوکٹ پلی حیدرآباد کے جے وینکٹا آدتیہ کو پانچواں ، ضلع چتور آندھراپردیش کے پی چیتن مانوگنا کو چھٹواں ، ضلع وجیانگر آندھراپردیش کے ایم پرنئے کو ساتواں ، ضلع نیلور آندھراپردیش کے ڈی سائی پروناؤ کو آٹھواں ، ضلع وجیانگر آندھراپردیش کے ایس دیواکر سائی کو نواں ، ضلع نلگنڈہ تلنگانہ کے ایس شویکا ریڈی کو دسواں مقام حاصل ہوا ۔ اس طرح اگریکلچر میڈیکل اسٹریم میں بالانگر حیدرآباد کے ایم کارتیکیا کو پہلا ، ضلاع رنگاریڈی کی ای سری نجا کو دوسرا ، کوکٹ پلی حیدرآباد کے ٹی سائی کوشل ریڈی کو تیسرا ، ضلع اننت پور اندھراپردیش کے آر سرینواسا کارتیکیا کو چوتھا ، راجمنڈری آندھراپردیش کے سی وشنو ویوک کو پانچواں کاکناڈا آندھراپردیش کے کے پون راجو کو چھٹواں ، ضلع کھمم تلنگانہ کی لاسیا چودھری کو ساتواں ، وجئے واڑہ آندھراپردیش کے بی وی کوشک ریڈی کو آٹھواں ، ضلع رنگاریڈی تلنگانہ کے روی ابھیرام کو نواں اور ضلع نلگنڈہ تلنگانہ کے بی رام کرشنا کو 10 واں مقام حاصل ہوا ۔ انجینئرنگ کورسس میں داخلوں کیلئے 30 اگسٹ سے کونسلنگ کا آغاز ہوگا ۔ 30 اگسٹ سے 9 سپٹمبر تک اسنادات کی تنقیح کیلئے آن لائین میں سلاٹ بک کرانے کی سہولت رہے گی ۔ 4 تا 11 سپٹمبر تک اسنادات کی تنقیح ہوگی ، 4 تا 13 سپٹمبر تک ویب آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا ۔ 15 سپٹمبر کو پہلے مرحلہ کی نشستیں الاٹ کی جائیں گی ۔ بچے جانے والی نشستوں کیلئے دوسرے مرحلے کی شیڈول کا اعلان کیا جائیگا ۔ انجینئرنگ کی کونسلنگ ختم ہونے کے بعد اگریکلچر اور فارما کورسیس کی کونسلنگ کا آغاز کیا جائیگا ۔ N