حیدرآباد ۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے 11 سے 20 جنوری کے درمیان نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابی انتظامات اور تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت نے ریاست بھر میں 117 بلدیاتی اداروں میں انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن کی میعاد مکمل ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن اس حوالے سے پہلے ہی اصولی فیصلہ کرچکا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے یکم؍ جنوری کو مسودہ ووٹرلسٹ جاری کی گئی تھی جبکہ 10 جنوری کو حتمی ووٹرلسٹ جاری کرنے کا امکان ہے جس کے بعد 11 جنوری کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکتا ہے تاہم اگر سنکرانتی تہوار اور تعطیلات کے باعث اس میں تاخیر ہوتی ہے تو نوٹیفکیشن 20 جنوری کو جاری کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے انتخابی عمل ہموار کرنے اور اس کو شفاف بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے تاکہ انتخابات پرامن اور منظم انداز میں منعقد کئے جاسکے۔2
