تلنگانہ بلدی قانون کو کابینہ کی منظوری، آج اسمبلی میں پیشکشی

   

Ferty9 Clinic

وظائف کی رقومات میں اضافہ، ہفتہ سے اضلاع میں تقسیم،کابینہ اجلاس کے فیصلے
حیدرآباد۔17 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی کابینہ نے مجوزہ بلدی قانون کو منظوری دے دی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 18 جولائی کو تلنگانہ اسمبلی میں پیش کئے جانے والے نئے بلدی قانون کو آج 5گھنٹے طویل کابینہ کے اجلاس میں مشاورت کے بعد منظوری دے دی گئی جبکہ آئندہ دو یوم کے دوران تلنگانہ اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں اس بل کو قانون کی شکل دے دی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں نئے بلدی قوانین کے نفاذ کے سلسلہ میں تیار کردہ مسودہ کو کابینہ کی منظوری کے بعد اسے ایوان اسمبلی میں پیش کرنے کی راہ ہموار ہوچکی ہے ۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں نئے بلدی قانون کے مسودہ کو منظوری دینے کے علاوہ ریاست میں مختلف طبقات کو فراہم کئے جانے والے ماہانہ وظائف کی رقم میں اضافہ کے فیصلہ کو بھی منظوری دی گئی ۔ ریاستی کابینہ کی جانب سے منظورکئے گئے نئے اضافہ کی رقم کی تقسیم کا عمل 20جولائی سے ریاست کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں شروع کردیا جائے گا۔ریاستی کابینہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق مختلف زمروں میں جنہیں 1000 روپئے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جاتا تھا انہیں اب 2016 روپئے فراہم کئے جائیں گے اور جن زمروں میں 1500 روپئے وظائف جاری کئے جاتے تھے ان زمروں میں 3016روپئے جاری کئے جائیں گے۔ ریاستی کابینہ کی جانب سے منظور کئے گئے نئے بلدی قوانین کا مسودہ 18جولائی کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں پیش کریں گے اور 19 جولائی کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور تلنگانہ قانون ساز کونسل میں یہ بل منظور کرلیا جائے گا جس کے بعد ریاست میں نئے بلدی قوانین کا نفاذ عمل میں آجائے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جوڑوں کے عوارض میں مبتلاء اور ایڈس کے متاثرین کو بھی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے وظیفہ کی اسکیم کیلئے اہل قرار دیا جائے۔کابینہ نے وظیفہ پیرانہ سالی کیلئے موجود حد عمر 65سال کو کم کرتے ہوئے 57برس کرنے کے فیصلہ کو بھی منظوری دے دی ۔