بنڈی سنجے سے وضاحت کرنے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ تلنگانہ بل کی منظوری پر سوال اٹھانا دراصل تلنگانہ کی تشکیل پر اعتراض کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران وزیر اعظم نے غیر ضروری طور پر ریمارکس کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ انہیں فوری معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ تلنگانہ کے قیام کیلئے تقریباً 60 برسوں تک جدوجہد جاری رہی اور سینکڑوں نوجوانوں نے قربانیاں پیش کی۔ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کانگریس نے علحدہ ریاست تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو جاننا چاہیئے کہ علحدہ ریاست راتوں رات تشکیل نہیں دی گئی۔ جسٹس سری کرشنا کمیٹی کے ذریعہ تمام فریقوں سے بات چیت کی گئی اور رپورٹ کی بنیاد پر علحدہ ریاست کے حق میں فیصلہ کیا گیا۔ راجیہ سبھا میں آنجہانی سشما سوراج نے علحدہ تلنگانہ بل کی تائید کی تھی۔ نرنجن نے بی جے پی کے ریاستی قائدین سے سوال کیا کہ آیا وہ نریندر مودی کے بیان کی تائید کرتے ہیں۔ر